ریاستی خبریں

مانو ایوننگ کالج، حیدرآباد کو اپگریڈ کرنے کا اعلان -نئے یو جی کورسز کے ساتھ پی جی کورس بھی شروع ہوں گے

حیدرآباد (پریس نوٹ) پرانے شہر حیدرآباد میں واقع مانو ایوننگ کالج میں بی اے کے علاوہ بی کام، بی ایس سی اور ایم اے کے کورسز شروع کیے جائیں گے۔ اس بات کا اعلان پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کیا۔ وہ آج مانو ماڈل اسکول، فلک نما، حیدرآباد میں یومِ آزاد تقاریب 2026 کے آغاز کے موقع پر صدارتی خطبہ دے رہے تھے۔ 6 روزہ یومِ آزاد تقاریب کا آج باضابطہ طور پر مانو ماڈل اسکول، حیدرآباد میں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر مانو ماڈل اسکول کے طلبہ کی جانب سے رنگا رنگ تہذیبی، ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ اس تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، پروفیسر سید عین الحسن نے آج کے ثقافتی پروگرام میں حصہ لینے والے سبھی 125 طلبہ کو 1000 روپئے فی کس کا خصوصی انعام دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، مانو ماڈل اسکول فلک نما کو ترقی دینے کے لیے ہر طرح کے اقدامات کر رہی ہے۔ تاکہ پرانا شہر حیدرآباد میں رہنے والے طلباءو طالبات کو حصول تعلیم کے لیے کہیں اور جانے کی ضرورت نہ رہے۔
انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ غیر ضروری کاموں میں اپنی توانائی کو صرف نہ کریں۔ اور حصول تعلیم کے لیے پوری طرح مستعدی کا مظاہرہ کریں۔ مانو ماڈل اسکول میں منعقدہ اس افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے اور مخاطب کرنے والوں میں ایجوکیشن کے پروفیسر صدیقی محمد محمود، ڈائرکٹر سی ڈی او ای پروفیسر رضاءاللہ خان، ڈین اسکول آف لینگویجس پروفیسر گلفشاں حبیب، ڈین اسکول آف ایجوکیشن پروفیسر محمد مشاہد، ڈین اسکول آف سوشل سائنسس پروفیسر پی ایچ محمد، پرووسٹ بوائز ہاسٹل پروفیسر شاہد رضاءکے علاوہ کنوینر یومِ آزاد تقاریب پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی بھی شامل تھے۔ پروفیسر سید عین الحسن نے اس موقع پر شجرکاری بھی کی۔
تقریب کے دوران دسویں جماعت کے امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباءو طالبات نشاط فاطمہ اول، حبیبہ بیگم دوم اور محمد موسیٰ کو سوم رینک حاصل کرنے پر تہنیت دی گئی۔ اسی طرح بارہویں کے طلبہ شیرین بیگم، عائشہ تبسم اور صدف بیگم کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ کیندریہ ہندی سنستھان کی جانب سے ہندی دیوس کے موقع پر منعقدہ مضمون نویسی میں دوسرا مقام حاصل کرنے والی طالبہ شائستہ بیگم اور NEET کے کونسلنگ کے ذریعہ ہومیوپیتھی کالج میں سیٹ حاصل کرنے والے طالب علم محمد مصطفی کی بھی تہنیت کی گئی۔
ابتداءمیں مانو ماڈل اسکول کے طلبہ نے مختلف ثقافتی و ادبی پروگرام پیش کیے۔ پروگرام کی شروعات محمد موسیٰ کی تلاوت کلام پاک سے ہوئی۔ مدیحہ اور ان کے ساتھیوں نے خیر مقدمی ترانہ پیش کیا۔ دسویں جماعت کی طالبہ شائستہ فاطمہ نے مولانا آزاد پر تقریر کی۔ آٹھویں جماعت کی طالبات نے ایروبکس ڈرل پیش کی۔ الیزا اینڈ گروپ نے ڈرامہ (زبان کے گناہ) پیش کیا۔ شائستہ فاطمہ اور گروپ نے تمثیلی مشاعرہ پیش کر کے محفل کو زعفران زار بنادیا۔ ایک ڈانس پرفارمنس ، ”جینا اسی کا نام ہے“ ریحان بیگ اور گروپ نے پیش کیا۔ ریحان اور گروپ نے ”ڈیزائر پریڈ“ (خواہش تک رسائی) پیش کیا۔ اس میں طلبہ نے اہداف کے حصول کی کوشش کو استعاراتی انداز میں پیش کیا گیا۔ رضیہ اینڈ گروپ نے ڈرامہ جین زی پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسکول کے طلبہ نے مہنگائی پر ایک پر مزاح قوالی بھی پیش کی۔
قبل ازیں ڈاکٹر کفیل احمد ، پرنسپل نے سبھی حاضرین کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ان کی کتاب ”پٹنہ کے مدارس کا تعلیمی نظام“ کی رسم اجراءعمل میں آئی۔ مانو ماڈل اسکول کے ٹیچر حسن بن علی نے کارروائی چلائی۔ آخر میں ڈاکٹر فہیم اشرف نے شکریہ ادا کیا۔