پریم ناتھ کے 100ویں یوم پیدائش پر زی کلاسک پیش کرے گا خصوصی پروگرام
ممبئی، 7 نومبر (یو این آئی) ہندی سنیما کے معروف اداکار پریم ناتھ کے 100ویں یوم پیدائش کے موقع پر زی کلاسک نومبر کے مہینے میں خصوصی پروگرام ‘امر پریم ناتھ’ کے ذریعے ان کی شاندار زندگی اور فلمی ورثے کو یاد کرے گا۔ اس خصوصی پروگرام کے تحت 4 حصوں پر مشتمل دستاویزی سیریز کے ساتھ ان کی کچھ یادگار فلمیں بھی نشر کی جائیں گی۔
پریم ناتھ نے ہندی سنیما میں اپنی بااثر شخصیت، شاندار اداکاری اور منفرد انداز سے ایک خاص پہچان بنائی تھی۔ اپنے کریر کے ابتدائی دور میں ہیرو کے طور پر مقبولیت حاصل کرنے سے لے کر معاون اور کریکٹر ایکٹر کے طور پر اپنی اداکاری کا لوہا منوانے تک انہوں نے کئی یادگار رول ادا کیے۔ بدلتے وقت کے ساتھ اپنی اداکاری کو نئے رنگ دینے والے پریم ناتھ آج بھی فلمی شائقین کے درمیان ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔
ان کے بیٹے مونٹی ناتھ کی تیار کردہ 4 حصوں پر مشتمل دستاویزی سیریز ‘امر پریم ناتھ’ میں اداکار کی زندگی، ان کے فلمی سفر اور ان کے ورثے سے جڑے مختلف پہلوؤں کو پیش کیا جائے گا۔ اس خصوصی پروگرام کی نشریات 7 نومبر سے ہر ہفتہ صبح 11:30 بجے ہوں گی۔ اس کے بعد دوپہر 12 بجے ان کی ایک مشہور فلم دکھائی جائے گی۔
پروگرام کے تحت 7 نومبر کو دستاویزی سیریز کی پہلی قسط نشر ہوگی، جس کے بعد فلم ‘دیش پریم’ دکھائی جائے گی۔ 14 نومبر کو سیریز کی دوسری قسط اور فلم ‘روٹی کپڑا اور مکان’ نشر کی جائے گی۔ 21 نومبر کو پریم ناتھ کے 100ویں یوم پیدائش کے موقع پر تیسری قسط دکھائی جائے گی، جس کے بعد ان کی مقبول فلم ‘بوبی’ نشر ہوگی۔ وہیں 28 نومبر کو سیریز کی آخری قسط کے ساتھ فلم ‘کالی چرن’ دکھائی جائے گی۔
معروف اداکار شتروگھن سنہا نے پریم ناتھ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں اور ہمیشہ ان کی اداکاری کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ”’برسات’، ‘رستم سہراب’ اور ‘آن’ میں ان کی اداکاری زبردست تھی۔ پریم ناتھ کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ وہ جو کچھ بھی کرتے تھے، اپنے ہی انداز میں کرتے تھے۔ وہ بالکل منفرد فنکار تھے۔ انہوں نے کبھی کسی کی نقل نہیں کی اور نہ ہی کسی فنکار کے سامنے کھڑے ہونے میں احساس کمتری محسوس کیا۔ بلکہ ان کے سامنے تو اچھے اچھے فنکار بھی احساس کمتری کا شکار ہوجاتے تھے۔”
‘امر پریم ناتھ’ کے ذریعے زی کلاسک کا یہ خصوصی پروگرام نہ صرف پریم ناتھ کی شاندار اداکاری کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرے گا، بلکہ نئی نسل کے ناظرین کو بھی ہندی سنیما میں ان کی خدمات اور ان کے بیش قیمتی ورثے سے روشناس کرائے گا۔’امر پریم ناتھ’ نومبر کے مہینے میں ہر ہفتہ صبح 11:30 بجے نشر کیا جائے گا اور اس کے بعد متعلقہ فلم دوپہر 12 بجے صرف زی کلاسک پر دکھائی جائے گی۔
