بہار نامہ

وزیر اعلیٰ نے مونگیر کے کلیان پور میں شمع روشن کرکے 11 لاکھ 11 ہزار 111 دیوں کے دیپوتسو پروگرام کا افتتاح کیا

شری شری 108 بڑی درگا مہارانی مندر میں وزیر اعلیٰ نے پوجا کرکے بہار کی خوشحالی، امن و سلامتی اور ترقی کی کامنا کی

پٹنہ، 7 نومبر : وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج مونگیر ضلع کے بریارپور بلاک کے تحت کلیان پور واقع شری شری 108 بڑی درگا مہارانی مندر کے احاطے میں دیوالی کے موقع پر شمع روشن کرکے منعقدہ عظیم الشان دیپوتسو پروگرام کا افتتاح کیا۔ یوتھ کلب کلیان پور کے زیر اہتمام منعقدہ اس تاریخی دیپوتسو میں ایک ساتھ 11 لاکھ 11 ہزار 111 دیے روشن کیے گئے۔
دیپوتسو پروگرام میں شرکت سے قبل وزیر اعلیٰ نے شری شری 108 بڑی درگا مہارانی مندر میں باقاعدہ درشن اور پوجا کی اور ماں درگا سے بہار کی خوشحالی، امن و سکون، ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کی کامنا کی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 11 لاکھ سے زیادہ دیے روشن کرنے کے اس مقدس اور تاریخی موقع پر آپ سب کے درمیان موجود ہوکر مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ بہار میں ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں دیے روشن کرنے کا عظیم الشان اہتمام مونگیر کے کلیان پور کی سرزمین پر ہو رہا ہے۔ بھگوان شری رام جب برائی پر فتح حاصل کرکے ایودھیا واپس لوٹے تھے، تب دیوالی منانے کی روایت شروع ہوئی۔ یہ تہوار اندھیرے سے روشنی کی جانب بڑھنے کا پیغام دیتا ہے۔ میں تمام اہل بہار کو دیوالی کی دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم محترم جناب نریندر مودی ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے مسلسل ترقیاتی کاموں میں مصروف ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ محترم جناب نتیش کمار نے بہار کو خوشحال بنانے کی سمت میں اہم کام کیے ہیں۔ ہماری حکومت ان کے ذریعے کیے گئے ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ماں لکشمی اور ماں سرسوتی سے ہماری دعا ہے کہ بہار مسلسل ترقی کرے اور ریاست کے تمام لوگ خوشحال اور آسودہ حال ہوں۔
وزیر اعلیٰ نے گنگاندی کی وجہ سے آنے والے سیلاب اور کسانوں کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دسہرہ کے موقع پر نیپال کے ترائی علاقے اور سون ندی کے ذریعے آنے والا پانی گنگا میں شامل ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہوگئی۔ گنگاندی کے پانی کا مناسب انتظام اور اس کا بہتر استعمال کسانوں کے مفاد میں انتہائی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں 2 نومبر کو مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ جناب نتن گڈکری کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کیا گیا ہے۔ گنگا  ندی سے گاد نکالنے اور پانی کے بہتر انتظام کے ذریعے دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گنگا ندی کے پانی کو آبپاشی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ مختلف مقامات پر ڈیم اور آبی ڈھانچوں کے ذریعے گنگا کا پانی پہنچانے کا منصوبہ ہے۔ تمام ضروری آبی ڈھانچوں کے ذریعے کسانوں کے کھیتوں تک پانی پہنچایا جائے گا، تاکہ ان کی فصلوں کی آبپاشی ہوسکے اور کسانوں کے چہروں پر خوشحالی آئے۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ مونگیر اور بھاگلپور کے درمیان تقریباً 83 کلومیٹر طویل میرین ڈرائیو کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔ اس سے علاقے میں آمد و رفت کی سہولت بہتر ہوگی اور ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مونگیر کی سرزمین سے نکل کر وزیر اعظم محترم جناب نریندر مودی اور سابق وزیر اعلیٰ محترم جناب نتیش کمار کے آشیرواد سے آج مجھے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے بہار کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔ میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ بہار میں صنعت اور روزگار کے شعبے میں تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ ہمارا ہدف ہے کہ سال 2030 سے پہلے ایسا نظام قائم کیا جائے کہ بہار کے کسی بھی شخص کو مجبوری میں مزدوری کرنے کے لیے ریاست سے باہر نہ جانا پڑے۔ بہتر ملازمت، کاروبار اور روزگار کے مواقع بہار ہی میں فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ایک کروڑ لوگوں کو سرکاری ملازمت اور روزگار سے جوڑنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس سمت میں تیزی سے کام جاری ہے۔ اگلے پانچ برسوں میں ایک کروڑ خاندانوں کو صنعت کار بنانے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔ بہار میں صنعتوں کی توسیع ہوگی، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماں لکشمی، بھگوان شری رام، ماں درگا اور ماں سرسوتی سے ہماری یہی کامنا ہے کہ بہار مسلسل ترقی کرے، خوشحال بنے اور ریاست کا ہر خاندان خوشحال ہو۔ انہوں نے کلیان پور میں اتنے عظیم الشان اور تاریخی دیپوتسو کے انعقاد پر یوتھ کلب، مشہور ہومیوپیتھک معالج ڈاکٹر نتیش چندر دوبے اور مقامی لوگوں کو مبارک باد دی اور تمام اہل بہار کو دیوالی کی نیک خواہشات پیش کیں۔
پروگرام کے دوران مقامی عوامی نمائندوں، رہنماؤں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے وزیر اعلیٰ کا گلدستہ، شال اور مومینٹو پیش کرکے استقبال کیا۔ کلیان پور کے مقامی لوگوں نے انسانی زنجیر بناکر وزیر اعلیٰ کا پھولوں کے ہار پہناکر استقبال کیا۔
اس موقع پر رکن اسمبلی جناب کمار پرنے، رکن اسمبلی جناب للت نارائن منڈل، رکن اسمبلی جناب منوج یادو، قانون ساز کونسل کے رکن جناب این کے یادو، قانون ساز کونسل کے رکن جناب لال موہن گپتا، مونگیر ڈویژن کے کمشنر جناب پریم سنگھ مینا، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری جناب سنجے کمار سنگھ، مونگیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جناب راکیش کمار،ڈی ایم مسٹر نکھل دھن راج نپّنیکر،ایس پی جناب سید عمران مسعود، بی جے پی کے ضلعی صدر ڈاکٹر ارون پودار، مشہور ہومیوپیتھک معالج ڈاکٹر نتیش چندر دوبے سمیت دیگر معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں مقامی شہری موجود تھے۔