Featured

روشنیوں کا تہوار دیوالی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

کئی ممالک کے سفارت خانوں اور ہائی کمیشنوں نے بھی تہوار میں شرکت کرتے ہوئے ہندوستانی عوام کو مبارک باد پیش کی

نئی دہلی:  اتوار کو ہندوستان سمیت دنیا بھر میں دیوالی کا تہوار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ہندوستان میں قائم کئی ممالک کے سفارت خانوں اور ہائی کمیشنوں نے بھی روشنی کے اس تہوار میں شرکت کرتے ہوئے ہندوستانی عوام کو مبارک باد پیش کی۔ مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے دیوالی کی خوشیاں بانٹیں اور اس تہوار کو محبت، امید، امن اور باہمی اتحاد کا پیغام قرار دیا۔

ہندوستان میں یونان کے سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دیوالی کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنی تقریب کی کچھ جھلکیاں بھی شیئر کیں۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں یونانی سفارت کاروں نے دیوالی سے متعلق دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔ ان سے پوچھا گیا کہ ہندوستان میں ان کی پسندیدہ دیوالی مٹھائی کون سی ہے، ان کی زندگی کی سب سے یادگار دیوالی کون سی رہی اور وہ ہندوستان کی کون سی دیوالی روایت اپنے ملک لے جانا چاہیں گے۔

یک دوسرے سفارت کار نے دیوالی کے پیغام کو وسیع تر معنوں میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس تہوار سے یہ سیکھا ہے کہ روشنی صرف جشن منانے کی چیز نہیں، بلکہ اسے دوسروں کے ساتھ بانٹنے کا ایک طریقہ بھی ہے۔ اگر روشنی لوگوں کو آپس میں جوڑ سکتی ہے تو اس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔