Featured

زیادہ نوجوانوں تک پہنچنااور  این سی سی کو مزید مستحکم بنانا ہمارا  بنیادی مقصد – میجر جنرل مکیش

جموں (یو این آئی) این سی سی ڈائریکٹوریٹ جموں، کشمیر اور لداخ کے نو مقرر کردہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل مکیش شرما نے منگل کو کہا کہ ان کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک پہنچنا، ان کے لیے وسیع تر مواقع پیدا کرنا اور مضبوط ملک کی تعمیر کے لیے این سی سی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔”نوجوانوں کو بااختیار بنانا، این سی سی کو مضبوط کرنا اور ملک کی تعمیر” کے عنوان سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ کی قیادت کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ وہ اپنے پیش روؤں کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے اور نئی توجہ، تازہ خیالات اور مشترکہ مقصد کے جذبے کے ساتھ این سی سی کی مسلسل ترقی اور استحکام میں اپنا تعاون دینے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنما اصول اتحاد اور نظم و ضبط ہیں۔ این سی سی کے ذریعے ہمارا مقصد پراعتماد، منضبط اور ذمہ دار نوجوان شہری تیار کرنا ہے، جن میں قیادت کی مضبوط صلاحیتیں اور خدمت کا جذبہ موجود ہو۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے اپنی تین اہم ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی توجہ تنظیم کے دائرۂ کار کو وسعت دینے پر ہوگی۔ اس مقصد کے تحت این سی سی کو مزید اسکولوں اور کالجوں تک پہنچایا جائے گا، بالخصوص دور دراز، دیہی اور سرحدی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں، تاکہ جغرافیائی دشواریاں نوجوانوں کے مواقع کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی دوسری ترجیح نوجوانوں، بالخصوص طالبات کیڈٹس کو بااختیار بنانا ہے۔
میجر جنرل شرما نے کہا کہ ‘اپراجیتا مہم’ کے دوران ہماری 20 طالبات کیڈٹس نے 5,578 میٹر بلند پرانگ لا درّہ کامیابی کے ساتھ عبور کیا۔ یہ کارنامہ ان کی جرأت، عزم اور قائدانہ صلاحیتوں کی روشن مثال ہے۔ ہم مستقبل میں بھی نوجوان لڑکیوں کے لیے اس طرح کے مزید مواقع پیدا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے اپنی تیسری ترجیح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ این سی سی کو جدید بنانے اور مزید مستحکم کرنے کے لیے تربیت کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ، بامعنی اور دلچسپ بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ٹیم ورک کو فروغ دینے اور تعلیمی اداروں، سول انتظامیہ اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ شراکت داری مضبوط کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
میجر جنرل مکیش شرما نے نوجوان کیڈٹس کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ان کے لیے ان کا پیغام سادہ ہے، ”بڑے خواب دیکھیں اور خود کو وقت کے ساتھ بہتر بنائیں۔ بڑے عزائم رکھیں، چیلنجوں کا سامنا کریں، جسمانی طور پر خود کو تندرست رکھیں، منشیات سے دور رہیں اور اپنی صلاحیتوں کو مسلسل نکھارتے رہیں۔”انہوں نے کہا کہ این سی سی محض وردی پہننے، مشقوں اور پریڈ تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ کردار سازی، قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ اور ذمہ دار شہریوں کی تیاری کا ایک اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ نچلی سطح پر کام کرنے والے این سی سی افسران اور عملے کی گراں قدر خدمات اور مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہیں، جو نوجوان کیڈٹس کو منضبط اور ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔