دربھنگہ کے قبرستان میں شرپسند عناصر کی جانب سے بار بار آتش زنی کے واقعات پر اقلیتی کمیشن سخت
ضلع مجسٹریٹ اورسینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو جانچ اور کارروائی کی ہدایت
پٹنہ، 12 نومبر: بہار ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اور سابق رکن پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) غلام رسول بلیاوی نے ضلع دربھنگہ کے تحت کمتول تھانہ علاقہ کے گاؤں رماؤل واقع قبرستان میں شرپسند عناصر کی جانب سے بار بار آتش زنی کیے جانے کی شکایت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس معاملے کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے کمیشن کے چیئرمین نے ضلع دربھنگہ کے ضلع مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو مکتوب ارسال کرکے پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرانے اور مجرموں کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے مقامی اقلیتی طبقے کے مذہبی جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و قانون کی صورت حال خراب ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو رہا ہے۔ ایسے واقعات کی تکرار روکنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ کمیشن نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے معاملے کی سنجیدگی سے جانچ کی جائے، مجرموں کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور قبرستان کی زمین اور راستے سے متعلق تنازع کا مستقل حل نکالا جائے۔ اس کے علاوہ کمیشن نے متعلقہ افسران سے کی گئی کارروائی کی رپورٹ 15 دنوں کے اندر فراہم کرنے کو کہا ہے، تاکہ معاملے میں مزید ضروری کارروائی کی جا سکے۔ کمیشن کے چیئرمین غلام رسول بلیاوی نے واضح کیا کہ مذہبی مقامات اور قبرستانوں کی حفاظت نیز اقلیتی طبقے کے آئینی حقوق کے تحفظ کے معاملے میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ قانون کی حکمرانی قائم رکھنا اور تمام طبقات کے درمیان امن و امان، بھائی چارہ اور باہمی ہم آہنگی برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
