کیا یوپی کی سیاست میں اویسی کا ولن بننا طے ہے ؟
اتر پردیش کی سیاست میں مسلمانوں کو بے اثر کرنے کی کوشش کوئی نئی بات نہیں، لیکن اس بار اس کھیل کے کردار کچھ زیادہ دلچسپ ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے سب سے بڑا سیاسی چیلنج سماجوادی پارٹی اور کانگریس کا ممکنہ اتحاد ہے، کیونکہ اگر یہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے ووٹ بینک کو مضبوط کرنے میں کامیاب ہوگئیں تو بی جے پی کے لیے اقتدار کی راہ آسان نہیں رہے گی۔ ایسے میں مجلس کی انتخابی سرگرمیاں محض ایک سیاسی جماعت کی سرگرمی نہیں رہ جاتی ، بلکہ اس کے ممکنہ انتخابی اثرات کا جائزہ لینا بھی ضروری ہوجاتا ہے۔
اب تازہ صورت حال اس اندیشے کو مزید سنجیدہ بناتی ہے کہ اویسی نے سماجوادی پارٹی کے ساتھ مفاہمت کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد چندرشیکھر آزاد کی آزاد سماج پارٹی سے ہاتھ ملا لیا ہے۔ اس اتحاد کو دلت مسلم اتحاد کا نام دیا جارہا ہے، لیکن اس کے انتخابی اثرات پر سوالات اٹھنے شروع ہوگئے ہیں۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے حلقے بھی اویسی اور بی ایس پی کے درمیان ممکنہ قربت کو اپنے لیے مثبت اشارہ سمجھ رہے ہیں۔ یہیں سے اصل سیاسی کہانی شروع ہوتی ہے۔
اس میں کوئی شبہ نہیں کہ بی جے پی کی انتخابی سیاست کا بنیادی ہتھیار اکثریتی ووٹوں کا استحکام ہے۔ اسے معلوم ہے کہ ہندو ووٹوں کی یکجہتی جتنی مضبوط ہوگی، اقتدار تک پہنچنے کا راستہ اتنا ہی آسان ہوگا۔ اس مقصد کے لیے اپوزیشن کے ووٹوں میں انتشار اس کے لیے کسی سیاسی نعمت سے کم نہیں۔ اگر سماجوادی پارٹی اور کانگریس کا اتحاد مضبوط رہتا ہے تو بی جے پی کو شکست دینے کے امکانات بھی بڑھتے ہیں، لیکن اگر اسی اتحاد کے مقابلے میں کئی چھوٹی جماعتیں الگ الگ محاذ کھول دیں تو انتخابی مقابلے کی پوری تصویر بدل سکتی ہے۔
اویسی کا یہ نعرہ کہ اب اتر پردیش میں مسلمان دوسروں کے لیے دری نہیں بچھائیں گے بلکہ اقتدار کی کرسی پر بیٹھیں گے، سننے میں جتنا پرکشش ہے، انتخابی حقیقتوں کی کسوٹی پر اسے پرکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اقتدار کی کرسی تک پہنچنے کے لیے صرف خواہش نہیں، سیاسی قوت، سماجی اتحاد اور انتخابی حکمت عملی بھی درکار ہوتی ہے۔ محض جذباتی نعروں سے اقتدار حاصل نہیں ہوتا۔ اور سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اگر 2027 میں یوگی آدتیہ ناتھ دوبارہ اقتدار میں آگئے تو اسدالدین اویسی اپنی سیاست کی کامیابی کا جشن کس بنیاد پر منائیں گے؟ کیا وہ مسلمانوں کو یہ سمجھا سکیں گے کہ ان کی انتخابی جدوجہد نے آخر انہیں کیا دیا؟
تاریخ ایسے سیاسی کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرتی جو اپنی وقتی سیاسی اہمیت کے لیے طویل مدتی اجتماعی مفادات کو داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ اویسی کو ابھی بھی موقع ہے کہ وہ اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کریں۔ کیونکہ مسلمانوں کو اقتدار کی کرسی پر بٹھانے کا خواب دکھاتے دکھاتے کہیں وہ خود بی جے پی کی اقتدار والی کرسی کو مضبوط کرنے کا ذریعہ نہ بن جائیں۔ یہ وقت سیاسی انا کی تسکین کا نہیں، سیاسی بصیرت کا بھی ہے۔
حیرت اس امر پر بھی ہے کہ ملک کی تمام ملی تنظیمیں یوں تو اپنے اپنے حلقہ اثر کے درمیان یہ کہتی ہوئی نظر آتی ہیں کہ اویسی کے امیدوار ہر مسلم اکثریتی علاقہ میں مسلم امیدواروں کو نقصان پہنچائینگے، لیکن یہ سب بھی متحد ہوکر اسدالدین اویسی کو یہ باور کرانے کی کوشش کبھی نہیں کرتے کہ سیاسی بصیرت کا تقاضہ کیا ہے ؟
یہ بات ذہن نشین رہے کہ جب ملی قیادت اپنی ذمہ داری عوام الناس پر ڈالنے کی عادی ہو جائے تب یہ سمجھنا مشکل نہیں ہوتا کہ اس پر بھی بیرونی سیاسی دباؤ حد سے زیادہ ہے ،یا پھر وہ اتنی بزدل ہے کہ وہ اپنے ہی صف کے ایک انسان کو حقیقت حال بتانے کی جرات خود میں نہیں پارہا ۔یہ کس قدر مضحکہ خیز ہے کہ مسلم پرسنل لا بورڈ جس کا دعوی ہے کہ وہ مسلمانوں کے حال اور مستقبل پر سیاسی جبر کے ذریعہ شب خون مارنے والوں سے آئین کی حد میں رہ کر قانونی لڑائی لڑتی ہے ،لیکن اسی مسلم پرسنل لا بورڈ کے ایک ممبر اسدالدین اویسی کو مسلم مخالف سیاست کی گہری سازش سے آگاہ کرنے کو تیار نہیں ۔
