اتر پردیش

بلڈوزر اب اتر پردیش کی پہچان بن چکا ہے، جیور صنعتی ترقی کا نیا مرکز بنے گا: یوگی

لکھنؤ،  (یو این آئی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں مافیا راج کی جگہ قانون کی حکمرانی قائم ہوئی ہے۔ جرائم اور مجرموں کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی نے ریاست کو سرمایہ کاری کے اہم مراکز میں شامل کر دیا ہے۔ بلڈوزر اب اتر پردیش کی پہچان بن چکا ہے۔ یہاں بلڈوزر اور ٹریکٹر بنیں گے تو ملک اور بیرون ملک ان کی مانگ خود بخود بڑھ جائے گی۔وزیر اعلیٰ جمعرات کو یمنا ایکسپریس وے صنعتی ترقیاتی اتھارٹی (یڈا) کے علاقے میں سی این ایچ انڈسٹریل کے نئے ٹریکٹر تیاری کے کارخانے کی سنگ بنیاد کی تقریب سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ 1200 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے 100 ایکڑ اراضی پر قائم ہونے والا یہ کارخانہ ریاست کی صنعتی ترقی کو نئی رفتار دے گا۔ اس سے ہزاروں نوجوانوں کو براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع ملیں گے۔
یوگی نے کہا کہ جس جیور علاقے کی شناخت کبھی جرائم اور بدامنی سے ہوتی تھی، وہ آج ملک کے اہم سرمایہ کاری مراکز میں ابھر رہا ہے۔ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے اور یڈا کی ترقی کے ساتھ یہ علاقہ صنعتی، اقتصادی اور رسد کے مرکز کے طور پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ایچ سی ایل-فاکس کان کا سیمی کنڈکٹر کارخانہ، میڈیکل ڈیوائس پارک،ٹوائے پارک، ایم ایس ایم ای پارک اور ڈیٹا سینٹر جیسے اہم منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2017 سے پہلے اتر پردیش نقل مکانی، پسماندگی اور بدامنی جیسے مسائل سے دوچار تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ریاست کی تصویر بدل گئی ہے۔ اتر پردیش اب شورش زدہ ریاست سے خوشیوں اور تقریبات کی ریاست بن چکا ہے۔ کاروبار کرنے میں آسانی، بے خوف ہوکر کاروبار کرنے اور کاروبار کے لیے اعتماد کے ماحول کے شعبوں میں ریاست نے اپنی الگ پہچان بنائی ہے۔
یوگی نے کہا کہ کبھی پسماندہ ریاستوں میں شامل اتر پردیش آج ملک کی 3 بڑی معیشتوں میں جگہ بنا چکا ہے اور ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
یوگی نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے 9 برسوں کے دوران ریاست کو 50 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے 15 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری عملی شکل اختیار کر چکی ہے، جبکہ 7.50 لاکھ کروڑ روپے کی تجاویز کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔