مہاراشٹر کے وزیر سنجے شرساٹ کی رہائش گاہ پر حملے کی کوشش
مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تین نوجوانوں نے سکیورٹی اہلکاروں کو دھمکیاں دیتے ہوئے بنگلے میں داخل ہونے کی کوشش کی
چھترپتی سمبھاجی نگر، (یو این آئی) مہاراشٹر کے وزیر اور چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرپرست وزیر سنجے شرساٹ کی گولوادی واقع رہائش گاہ پر کل شب مبینہ طور پر حملے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعے میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تین نوجوانوں نے نہ صرف سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی اور گالی گلوج کی بلکہ انہیں دھمکیاں دیتے ہوئے بنگلے میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔ واقعے کے بعد شہر میں امن و امان اور وزراء کی سکیورٹی کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی رات تقریباً 10:30 بجے تین نوجوان وزیر کی رہائش گاہ کے باہر پہنچے۔ الزام ہے کہ انہوں نے وہاں ایک بوتل توڑ دی اور سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو دھمکانا شروع کردیا۔ اس دوران نوجوانوں نے مبینہ طور پر یہ دعویٰ بھی کیا کہ کئی او ایس ڈی (خصوصی فرائض پر مامور افسران) ان کی جیب میں ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے بنگلے میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔
اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے، جس کی بنیاد پر پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔ پولیس نے تینوں نوجوانوں کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے تاکہ واقعے کے پس پردہ محرکات کا پتہ لگایا جاسکے۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرنے کی کارروائی بھی جاری ہے۔
دوسری جانب وزیر سنجے شرساٹ نے پولیس انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ واقعے کے بعد انہوں نے پولیس کمشنر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کا فون بند تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) بھی فوری طور پر دستیاب نہیں تھا اور کافی دیر تک کوئی سینئر پولیس افسر جائے وقوعہ پر نہیں پہنچا۔
شرساٹ کے مطابق، بالآخر انہوں نے نصف شب کے قریب مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سے رابطہ کیا، جنہوں نے انہیں ضروری کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔وزیر موصوف نے شہر کی امن و امان کی صورتحال پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو وزیر اعلیٰ کے سامنے اٹھائیں گے۔
