اتر پردیش

باغپت میں بدمعاشوں کے ساتھ پولیس تصادم، 2 ملزمین گرفتار

باغپت(یو این آئی) اتر پردیش کے باغپت کے رملا تھانہ علاقے میں دیوالی کی رات گوپال پور کھڑانا گاؤں میں پڑوسیوں کے درمیان ہوئی فائرنگ کے دوران راشٹرپتی بھون میں تعینات سکیورٹی گارڈ سوربھ کمار کو گولی مار کر فرار ہونے والے 10-10 ہزار روپے کے 2 انعامی بدمعاشوں کو رملا پولیس نے تصادم کے بعد گرفتار کرلیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک بدمعاش زخمی ہوگیا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ پورنیندو سنگھ نے بتایا کہ 9 نومبر کو شکایت کنندہ جنک راج، ساکن گاؤں گوپال پور کھڑانا نے تھانے میں تحریری شکایت دے کر بتایا تھا کہ دھیراج اور مونو عرف پروین نے غیر قانونی دیسی پستول اور لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کرکے سوربھ کو گولی مار دی تھی، جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوگیا تھا۔ دوسرے بیٹے ونیّت کے سر پر ڈنڈے سے وار کیا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔ اس شکایت پر رملا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت پر جاری مہم کے تحت جمعہ کے روز رملا تھانے کی پولیس ٹیم گشت پر تھی۔ اسی دوران اطلاع ملی کہ دونوں مطلوب ملزم بوڑھ پور ریلوے اسٹیشن جانے والے راستے پر ٹیوب ویل کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں اور فرار ہونے کی کوشش میں ہیں۔ پولیس نے جب ان کی گھیرا بندی کی تو بدمعاشوں نے جان سے مارنے کی نیت سے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے بھی اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی، جس میں ایک ملزم زخمی ہوگیا۔ دوسرا گنے کے کھیت میں گھس کر فرار ہونے لگا، لیکن پولیس نے گھیرا بندی کرکے دونوں کو پکڑ لیا۔ زخمی دھیراج کو علاج کے لیے پولیس نے اسپتال بھیج دیا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ زخمی دھیراج کے قبضے سے ایک غیر قانونی دیسی پستول، ایک زندہ کارتوس اور 2 خالی کارتوس برآمد ہوئے۔ مونو کے قبضے سے بھی ایک غیر قانونی دیسی پستول، ایک زندہ کارتوس اور ایک خالی کارتوس برآمد ہوا۔ پولیس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔