اتر پردیش

انکم ٹیکس محکمے کی کارروائی سے متھرا ورنداون میں کھلبلی

متھرا(یو این آئی) متھرا ورنداون میں جمعہ کے روز انکم ٹیکس محکمے کی 48 گاڑیوں کے قافلے نے دستک دی، جس سے پورے کاروباری اور ہوٹل صنعت میں ہلچل مچ گئی۔غازی آباد سے پہنچی محکمے کی مختلف ٹیموں نے صبح تقریباً 5 بجے ایک ساتھ کئی بڑے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا۔ اس بڑی کارروائی کے مرکز میں ورنداون کا ریڈیسن ہوٹل اور دھولی پیاؤ میں واقع مشہور کاروباری شنکر سیٹھ کے تینوں گرو کرپا ہوٹل شامل رہے۔ اس کارروائی سے شہر کے کاروباری حلقوں میں کھلبلی مچی رہی۔

انکم ٹیکس محکمے کی اس کارروائی کو انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا۔ صبح تقریباً 5 بجے چار درجن گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ غازی آباد سے افسران کی ٹیم متھرا پہنچی۔ اس کے بعد افسران نے الگ الگ ٹیموں میں تقسیم ہوکر ورنداون کے ریڈیسن ہوٹل اور متھرا کے دھولی پیاؤ میں واقع شنکر سیٹھ کے تینوں گرو کرپا ہوٹلوں سمیت کئی دیگر ٹھکانوں پر ایک ساتھ سروے شروع کردیا۔ ٹیموں نے اداروں کے اندر پہنچتے ہی کاروباری ریکارڈ، کھاتے، کمپیوٹر کا ڈیٹا اور مالی لین دین سے متعلق دستاویزات اپنی تحویل میں لے کر تفصیلی جانچ شروع کردی۔انکم ٹیکس محکمے کی کارروائی کے بعد ایک بار پھر کاروباری شنکر سیٹھ کا پرانا اور متنازعہ ماضی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ متھرا ورنداون کے ہوٹل اور رئیل اسٹیٹ کاروبار میں خاص اثر و رسوخ رکھنے والے شنکر سیٹھ کا نام پہلے بھی کئی سنگین تنازعات سے جڑتا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس محکمے کی کارروائی کا دائرہ صرف یہیں تک محدود نہیں ہے۔ چرچا ہے کہ دالمیا باغ میں درختوں کی کٹائی کے معاملے سے جڑے کچھ دیگر لوگوں اور جائیداد کے کاروباریوں کے ٹھکانوں پر بھی انکم ٹیکس محکمے کی ٹیموں نے دستک دی ہے۔ تاہم اس سروے کے دوران محکمے کے ہاتھ کیا لگا ہے اور کارروائی کی اصل وجہ کیا ہے، اس بارے میں افسران نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ سرکاری تصدیق نہ ہونے کے باوجود شہر کے کاروباری حلقوں میں دن بھر اس چھاپہ ماری کو لے کر طرح طرح کے قیاس آرائیاں ہوتی رہیں۔