موتیہاری مرکزی جیل میں 137 قیدیوں نے چھٹھ کا ورت شروع کیا، ایک مسلم خاتون بھی شامل
موتیہاری (یو این آئی) بہار کے مشرقی چمپارن ضلع کے موتیہاری مرکزی جیل میں جمعہ کو نہائے کھائے کے ساتھ چھٹھ کے چار روزہ مذہبی تہوار کا آغاز ہوگیا۔اس سال جیل میں 75 خواتین اور 62 مردوں سمیت مجموعی طور پر 137 قیدی بھگوان سورج کی عبادت کریں گے۔ ان میں ایک مسلم خاتون قیدی بھی شامل ہیں، جو گزشتہ 12 برسوں سے مسلسل چھٹھ کا ورت رکھتی آ رہی ہیں۔
جیل سپرنٹنڈنٹ وجے کمار اروڑا نے بتایا کہ چھٹھ کا ورت رکھنے والی 75 خواتین قیدیوں میں 52 زیر سماعت اور 23 سزا یافتہ ہیں۔ وہیں، 62 مرد قیدیوں میں 45 زیر سماعت اور 17 سزا یافتہ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موتیہاری مرکزی جیل میں مجموعی طور پر 3404 قیدی ہیں، جن میں 162 خواتین ہیں۔ ان میں سے 137 قیدیوں نے چھٹھ کا ورت رکھنے کا عہد کیا ہے۔
جیل میں چھٹھ کا ورت رکھنے والوں میں سزا یافتہ مسلم خاتون رخسانہ خاتون بھی شامل ہیں۔ وہ گزشتہ 12 برسوں سے مسلسل چھٹھ کا ورت رکھ رہی ہیں۔ انہوں نے ایک مرتبہ جیل سے باہر اور 11 مرتبہ جیل کے اندر رہتے ہوئے یہ مذہبی رسم ادا کی ہے۔ اس سال بھی وہ پوری عقیدت اور روایتی طریقے سے چھٹھی مئیا کی عبادت کر رہی ہیں۔
جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ورت رکھنے والوں کے مذہبی جذبات اور سہولتوں کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے تمام ورتیوں کو نئے کپڑے، پوجا کا سامان اور پھل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ بھگوان سورج کو ارگھ پیش کرنے کے لیے جیل احاطے میں واقع تالاب کی صفائی اور رنگ و روغن کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ پورے احاطے کو خوبصورتی سے سجایا جا رہا ہے۔
چھٹھ کے تہوار کے دوران جیل احاطے میں ہی ورت رکھنے والے عقیدت مند ڈوبتے اور طلوع ہوتے سورج کو ارگھ پیش کریں گے۔ جیل کی چار دیواری کے اندر منعقد ہونے والی اس مذہبی تقریب میں خواتین اور مرد قیدی پوری عقیدت کے ساتھ چھٹھ کے سخت ضابطوں پر عمل کریں گے۔ موتیہاری مرکزی جیل میں چھٹھ کا انعقاد مذہبی عقیدت کے ساتھ سماجی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ خیرسگالی کی بھی ایک مثال پیش کر رہا ہے۔
