اتر پردیش

اے ایم یو میں ایرانی یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی اشتراک پر تبادلہ خیال

علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ شیعہ دینیات اور شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے ایران کی المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے پروفیسر آیت اللہ سید کمال حسینی کے ساتھ الگ الگ علمی نشستوں کا اہتمام کیا، جن میں دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی تبادلے اور تحقیقی اشتراک کے امکانات پر غور و خوض کیا گیا۔
شعبہ شیعہ دینیات میں پروفیسر حسینی نے اساتذہ اور طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے تعلیمی و تحقیقی روابط کو مستحکم کرنے کے امکانات پر گفتگو کی۔ انہوں نے شعبہ کو یقین دلایا کہ وہ اساتذہ اور طلبہ کے لیے اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی غرض سے متعلقہ حکام کے سامنے یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ صدر شعبہ ڈاکٹر اصغر اعجاز نے پروفیسر حسینی کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ نشست مستقل تعلیمی اشتراک و تعاون کی راہ ہموار کرے گی۔
شعبہ اسلامک اسٹڈیزمیں پروفیسر این اکمل ایوبی کانفرنس ہال میں منعقدہ نشست میں صدر شعبہ پروفیسر آدم ملک خان نے ایرانی مہمان کا استقبال کیا اور المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اشتراک سے مختصر مدتی تعلیمی و تحقیقی کورسز منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ ڈاکٹر احمد مجلسی نے پروفیسر حسینی کا تعارف کرایا اور ایرانی یونیورسٹی کی علمی و تحقیقی خدمات کو اجاگر کیا۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر آیت اللہ سید کمال حسینی نے انفرادی اور سماجی ترقی میں علم، مطالعہ اور تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طلبہ اور ریسرچ اسکالرز کو وسیع مطالعے کی عادت اپنانے، گہری تحقیق کرنے، علمی دیانت داری برقرار رکھنے اور مختلف زبانوں میں دستیاب علمی وسائل سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ ایرانی تہذیب و ثقافت میں شعبہ کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی تہذیب کو سمجھنے کے لیے اس کی زبان، تاریخ، ادب، مذہب اور فکری روایات کا گہرا مطالعہ ضروری ہے۔
پروفیسر حسینی نے شعبہ کی لائبریری کا بھی دورہ کیا، جہاں لائبریرین مسٹر انیس احمد نے انہیں لائبریری کی سہولیات اور اس کے ذخیرے کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ لائبریری میں اسلامیات، قرآنیات، حدیث، سیرت، اسلامی تاریخ اور متعلقہ علوم پر مختلف زبانوں میں تقریباً 80,000 کتابیں اور جرائد موجود ہیں۔ پروفیسر حسینی نے لائبریری کے ذخیرے اور اس کے نظم و نسق کو سراہا۔
دینیات فیکلٹی کے سابق ڈین اور سابق ڈائریکٹر، سرسید اکیڈمی پروفیسر علی محمد نقوی بھی مہمان موصوف کے ہمراہ تھے۔ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی اس نشست میں اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے شرکت کی۔
شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں پروگرام کی نظامت پروفیسر ضیاء الدین نے کی، جبکہ سابق صدر شعبہ پروفیسر عبد الحمید فاضلی نے کلمات تشکر ادا کیے۔