ادبی سرگرمیاں

کلامِ اقبال کی عصری معنویت پر الٰہ آبادمیں قومی سیمینار 15نومبر کو

ملک بھر سے نامور ادبا، دانشور اور محققین کریں گے شرکت،اقبال کے فکر و فلسفے اور موجودہ دور میں اس کی اہمیت پر ہوگا علمی و فکری تبادلہ خیال:محمد سلیم علیگ

جالندھر(مظہر عالم): الٰہ آباد یونیورسٹی، پریاگ راج کے شعبہ اردو کے زیرِ اہتمام اور سہ ماہی ادبی رسالہ ادب سلسلہ، نئی دہلی کے اشتراک سے 15 نومبر 2026 بروز اتوار کلامِ اقبال کی عصری معنویت کے عنوان سے ایک روزہ قومی سیمینار منعقد کیا جائے گا۔ یہ علمی و ادبی پروگرام صبح 10 بجے نواب گارڈن، نور اللہ روڈ،الٰہ آباد (پریاگ راج) میں منعقد ہوگا، جس میں ملک کی مختلف جامعات اور علمی و ادبی اداروں سے وابستہ ممتاز اساتذہ، ادبا، ناقدین اور محققین شرکت کریں گے۔

 اس قومی سیمینار میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) محمد فیاض فاروقی اور پروفیسر زاہد الحق، ڈائریکٹر خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری، پٹنہ شرکت کریں گے۔ پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر محمد سلیم علیگ اور ڈاکٹر سنجے کمار(صدر شعبہ اردو، الٰہ آباد یونیورسٹی) نے اس سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سیمینار صبح 10 بجے شروع ہوکر شام چار بجے تک جاری رہے گا۔
 اس دوران مختلف علمی نشستوں میں علامہ اقبال کے کلام، ان کے فلسفہ خودی، تصورِ انسان، خود اعتمادی، ملی شعور، نوجوان نسل کی فکری تربیت اور عصرِ حاضر کے سماجی و تہذیبی مسائل کے تناظر میں ان کے افکار کی معنویت پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
سیمینار کی صدارت ممتاز ناقد و ادیب پروفیسر علی احمد فاطمی کریں گے، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد رضوان، دہلی یونیورسٹی ،انجام دیں گے۔ استقبالیہ کلمات محمد سلیم علیگ، مدیر سہ ماہی ادب سلسلہ نئی دہلی پیش کریں گے۔
مہمانانِ اعزازی میں پروفیسر صالحہ رشید، سابق صدر شعبہ عربی و فارسی،الٰہ آبادیونیورسٹی اور پروفیسر وقار احمد، پرنسپل زیڈ ایچ یونانی میڈیکل کالج(سیوان ،بہار)،مظہر عالم مظاہری  (صحافیپنجاب کیسری و ہند سماچار گروپ، جالندھر)شامل ہوں گے۔ کلیدی خطبہ ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پیش کریں گے۔
پہلی علمی نشست میں ڈاکٹر عبدالحئی (گیا، بہار)، ڈاکٹر عبدالسمیع اور ڈاکٹر محمد قاسم انصاری (بنارس ہندو یونیورسٹی) اپنے تحقیقی و تنقیدی مقالات پیش کریں گے۔
 دوسری نشست کی نظامت ڈاکٹر نیلوفر حفیظ، شعبہ عربی و فارسی، الٰہ آباد یونیورسٹی انجام دیں گی۔ اس نشست میں ڈاکٹر سنجے کمار، ڈاکٹر ظفر اللہ انصاری اور ڈاکٹر محمد کاشف (شعبہ اردو، الٰہ آباد یونیورسٹی)، ڈاکٹر قسیم اختر (کشن گنج)، ڈاکٹر حسین جیلانی (مہاتما گاندھی کاشی ودیا پیٹھ، وارانسی) اور ڈاکٹر محمد شاہد خان (فتح پور) اپنے مقالات کے ذریعے موضوع کے مختلف علمی و فکری پہلوں کو اجاگر کریں گے۔ آخر میں اظہارِ تشکر ڈاکٹر تنویر فریدی علیگ، سرپرست سہ ماہی ادب سلسلہ پیش کریں گے۔
ڈی جی پی پنجاب کو پیش کیا دعوت نامہ
دریں اثنا، قومی سیمینار کے سلسلے میں آج جالندھر میں صحافی مظہر عالم مظاہری نے پنجاب کے ڈی جی پی محمد فیاض فاروقی سے ان کے آفس میں ملاقات کرکے انہیں سیمینار میں شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا اور پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔واضح رہے کہ علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات آج بھی علمی، ادبی اور فکری دنیا میں غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ بالخصوص ان کا فلسفہ خودی، نوجوان نسل میں خود اعتمادی، خود شناسی، بلند حوصلگی اور مقصد ِحیات کا شعور پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ ایسے میں سہ ماہی ادب سلسلہ نئی دہلی  اور الٰہ آباد یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی جانب سے اس موضوع پر قومی سطح کے سیمینار کا انعقاد ادبی و علمی حلقوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔