ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی شکست
سید پرویز قیصر
ماونٹ مونگوئی میں کھیلے گئے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو244 رن سے شکست دی جو اس کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں دوسری سب سے بڑی شکست تھی۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ کے سبھی کھلاڑی پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں333 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ ہندوستان کے سبھی کھلاڑی 26.4 اوور میں89 رن بناکر آوٹ ہوئے اور میچ244 رن سے گنوادیا۔
ہندوستان کی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑی شکست245 رن کی ہے جو اسے سری لنکا کے ہاتھوں شارجہ میں29 اکتوبر2000 کو ملی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ50 اوور میں پانچ وکٹ پر 299 رن بنانے کے بعد ہندوستان کو26.3 اوور میں54 رن کے معمولی اسکور پر آوٹ کردیا تھا۔
اس قسم کے کرکٹ میں ہندوستان کی اپنے گھر پر رنوں کے حساب سے سب سے بڑی شکست214 رن کی ہے جو اسے جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ممبئی میں 25 اکتوبر2015 کو ملی تھی۔ اس میچ میں مہمان ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ50 اوور میں چار وکٹ پر 438 رن بنانے کے بعد ہندوستان کو36 اوور میں224 رن پر سمیٹ دیا تھا۔ ہندوستان کی یہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں تیسری سب سے بڑی شکست تھی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف اس سے پہلے ہندوستان کی سب سے بڑی شکست200 رن کی تھی جو اسے دمبولا میں اگست2010 کو ملی تھی۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے48.5 اوور میں288 رن بنائے تھے جس کے جواب میں ہندوستان کے سبھی کھلاڑی29.3 اوور میں88 رن بناکر آوٹ ہوگئے تھے۔
نیوزی لینڈ کی اپنے گھر پر ہندوستان کے خلاف اس سے پہلے رنوں کے حساب سے سب سے بڑی شکست108 رن کی تھی جو اس نے ڈونیڈن ،میں یکم مارچ1990 کو حاصل کی تھی۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ47 اوور میں چھ وکٹ پر 246 رن بنانے کے بعد ہندوستان کے سبھی کھلاڑی32.1 اوور میں138 رن پر آوٹ کردیئے تھے۔ بارش کی وجہ سے یہ میچ دیر سے شروع ہوا تھا اور ہر ٹیم کو پچاس کے بجائے47 اوور کھیلنے کا موقع دیا گیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی ہندوستان کے خلاف رنوں کے حساب سے سب سے بڑی جیت ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اسکی دوسری سب سے بڑی جیت تھی۔ نیوزی لینڈ کی اس قسم کے کرکٹ میں سب سے بڑی جیت290 رن کی ہے جو اس نے آئیر لینڈ کے خلاف ابردین میں یکم جولائی 2008 کو حاصل کی تھی۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں دو وکٹ پر 402 رن بنانے کے بعد میزبان ٹیم کو28.4 اوور میں112 رن پر سمیٹ دیا تھا۔
ہندوستان کے خلاف جیت سے پہلے نیوزی لینڈ کی اپنے گھر پر ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑی جیت204 رن کی تھی جو اس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کرائسٹ چرچ میں23 دسمبر2017 کو حاصل کی تھی۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ50 اوور میں چھ وکٹ پر 325 رن بنانے کے بعد ویسٹ انڈیز کے سبھی کھلاڑیوں کو 28 اوور میں121 رن بناکر آوٹ کردیا تھا۔
