ریاستی خبریں

ضلع سطحی’چلڈرنزسائنس کانگریس‘کمپٹیشن میں نوجوان سائنسدانوں نے کیا اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ 

 محمد زاہد امینی
نوح،میوات،سماج نیوز سروس: ضلع ہیڈکوارٹرواقع’کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ‘میں 32ویں ضلعی سطح کی’نیشنل چلڈرنز سائنس کانگریس’کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ضلع بھر کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 42 نوجوان سائنسدانوں نے شرکت کی اور مقامی مسائل پر مبنی تحقیقی منصوبے پیش کر کے اپنی سائنسی صلاحیتوں،تخلیقی سوچ اور جدت پسندی کا مظاہرہ کیا۔ان کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر3ٹیموں کو ریاست سطح کے آئندہ مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا،جو کروکشیتر میں منعقد ہوگا۔ضلعی’ایف ایل این‘ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کسم ملک نے بتایا کہ اس سال کی چلڈرنز سائنس کانگریس کا مرکزی موضوع’پائیدار ترقی کے لیے سائنس اور جدت تھا۔اس موضوع کے تحت،طلباء نے5تحقیقی موضوعات جن میں تحویسٹ مینجمنٹ،توانائی،پانی کا ذخیرہ اور تحفظ؛ خوراک،زراعت اور صحت، اور پائیداری کے لیے روایتی ہندوستانی علمی نظاموں کا اطلاق۔طلباء نے میوات خطے کے مقامی چیلنجوں پر سائنسی مطالعہ کرنے اور ان کے عملی حل تجویز کرنے کی قابلِ ستائش کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر21اساتذہ بھی موجود تھے،جنہوں نے طلباء کو ان کے تحقیقی منصوبے تیار کرنے میں رہنمائی فراہم کی اور ان میں سائنسی نقطہ نظر کو فروغ دیا۔ منصوبوں کا جائزہ ماہرین کے ایک پینل نے لیا،جس میں ڈاکٹر سنجے کمار، ڈاکٹر ہردیپ کمار اور ڈاکٹر مہارانا پرتاپ سنگھ چوہان شامل تھے۔ڈاکٹر کسم ملک نے کہا کہ ’نوح‘ جیسے ’خواہشمند ضلع‘ کے بچوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔نیشنل چلڈرنز سائنس کانگریس جیسے پروگرام طلباء کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں اور جدت کے ذریعے سماجی مسائل کے حل تلاش کر سکیں۔طلباء میں سائنسی سوچ،منطقی استدلال اور جستجو کے جذبے کو پروان چڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے ریاستی سطح کے مقابلے کے لیے منتخب ہونے والے طلباء کو مبارکباد دی اور اس میں حصہ لینے والے تمام نوجوان سائنسدانوں کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مقابلے کے سینئر زمرے میں، پی ایم شری ودیالیہ پتھکوری کی ’چائلڈ سائنٹسٹس’جیوتی اور خوشبو،نیز بھکڈوجی اسکول کے دیپک اور سہیل کا انتخاب کیا گیا۔دریں اثنا،جونیئر زمرے میں ماڈل سنسکرتی اسکول-2 کے طالب علم پریان نے ریاستی سطح کے مقابلے کے لیے اپنی جگہ بنائی۔
مہمان خصوصی، نوح کے بلاک ایجوکیشن آفیسر منبیر سنگھ نے’چائلڈ سائنٹسٹ‘ ایوارڈ حاصل کرنے والے طلباء کو تمغے اور اسناد پیش کر کے اعزاز بخشا۔انہوں نے کہا کہ سائنس صرف نصابی کتابوں کے علم تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ روزمرہ زندگی میں پیش آنے والے مسائل کا حل تلاش کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ اس طرح کے مقابلے طلباء میں سائنسی مزاج کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔خصوصی مہمان ڈاکٹر سنجے کمار نے کہا کہ تحقیق پر مبنی سرگرمیاں بچوں میں سائنسی نقطہ نظر، ہمہ جہت (پنچ کوشیہ) نشوونما اور اکیسویں صدی کی ضروری مہارتوں کو پروان چڑھانے میں مدد کرتی ہیں۔ سوال پوچھنے اور نئی چیزیں سیکھنے کا تجسس ان بچوں کو مستقبل میں بہتر محققین کے طور پر تیار کرے گا۔ڈسٹرکٹ اکیڈمک کوآرڈینیٹر ڈاکٹر پون کمار نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’چائلڈ سائنس کانگریس‘ طلباء کو ’کر کے سیکھنے‘کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اپنے اردگرد کے مسائل کی نشاندہی کر کے اور سائنسی طریقوں سے ان کا حل تلاش کر کے، بچوں میں خود اعتمادی، منطقی سوچ اور جستجو کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔پروگرام کا انعقاد نوین کمار نے کامیابی کے ساتھ کیا۔کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ کے اساتذہ اور انچارج نے اس تقریب کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔شبانہ،ڈاکٹر وجیندر کمار،نیلم سنگوان،پریا گپتا،مینک،سندیپ اور عرفان نے انتظامات سنبھالنے میں فعال کردار ادا کیا۔ آخر میں، تمام شرکاء، رہنمائی کرنے والے اساتذہ اور ججوں کو اسناد سے نوازا گیا۔