اتر پردیش

اہل مدارس کو قانونی اعتبار سے مکمل طور پر مضبوط رہنا چاہئے: مولانا علی حسن مظاہری 

رابطہ مدارس شمالی ہریانہ و ہماچل کی مجلس عاملہ کا اجلاس، سالانہ اجتماعی امتحان کے تعلق سے اہم فیصلے لیے گئے

دیوبند : (سماج نیوزسروس) رابطہ مدارس ہریانہ و ہماچل کے صوبائی دفتر دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر میں رابطہ مدارس کی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ارکان عاملہ و مدعوئین خصوصی نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت رابطہ مدارس ہریانہ و ہماچل کے صدر مولانا علی حسن مظاہری نے کی اور کارروائی جنرل سکریٹری مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی نے چلائی۔ آغاز قاری فریاد علی جیت پور کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس دوران ایجنڈہ کے مطابق اجلاس کی کارروائی چلی اور سب سے پہلے سابقہ کارروائی کی سماعت کی گئی۔ صدر مجلس اور تمام شرکاء نے اس کی توثیق کی۔ اس کے بعد اجلاس کل ہند مجلس عمومی رابطہ مدارس دارالعلوم دیوبند کی منظور کردہ تجاویز کے نفاذ کی عملی شکلوں پر غور کرنے کے ضمن میں مولانا علی حسن قاسمی کانسلی، مفتی محمد روشن قاسمی چمبہ ہماچل، مولانا سید احمد عادل رہینہ، قاری نور علی ہدایتی، مولانا عبدالعزیز ہماچل، مولانا احمد الدین باغپت، مولانا شریف احمد پپلی مزرعہ نے ان تجاویز کو پڑھا اورسبھی مربوط مدارس میں ان کو حتی الوسع نافذ کرنے کا عزم کیا گیا۔ اس کے بعد رواں سال رابطہ کے اجتماعی امتحان کے لئے تاریخوں کے ضمن میں اتفاق رائے سے طے ہوا کہ اس مرتبہ یہ امتحانات یکم شعبان سے 3؍ شعبان تک کرائے جائیں، مجلس میں یہ بھی طے ہوا کہ اس مرتبہ یہ امتحانات کل بارہ سینٹروں پر کرائے جائیں اور امتحانات کے لئے ممتحنین اور نگراں حضرات کی تعیین کے لئے نو افراد پر مشتمل تعلیمی کمیٹی کرے گی۔ مجلس میں اتفاق رائے سے طے ہوا کہ سبھی مدارس اجتماعی امتحان کے لئے اپنے یہاں سے کم از کم دس طلبہ کو ضرور بھیجیں نیز یہ بھی طے ہوا کہ امتحان میں شریک سبھی مدارس کے طلبہ کے لئے امتحان فیس کے نام پر فی کس /200روپئے وصول کئے جائیں، نظام امتحان میں مزید شفافیت کے لئے طے ہوا کہ نتائج امتحان کا اعلان بر وقت سینٹر پر ہی کیا جائے۔ مربوط مدارس اجتماعی امتحان میں شریک نہیں ہوتے ہیں ان سے رابطہ کرکے وجہ معلوم کی جائے اور اس کی باضابطہ اطلاع مرکزی دفتر دارالعلوم دیوبند کو کی جائے۔ اجلاس کے آخر میں صدر اجلاس مولانا علی حسن مظاہری نے کہا کہ اس وقت حالات مدارس اسلامیہ کے لئے ناگفتہ بہ ہوتے جارہے ہیں اس لئے ان مدارس کے تحفظ کے بارے میں بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور اہل مدارس کو قانونی اعتبار سے مکمل طور پر مضبوط رہنا چاہئے۔ انہوں نے ارتدادی فتنوں کی روک تھام کے لئے مکاتب کے قیام اور اصلاح معاشرہ کے اجلاس کے انعقاد کو موثر قرار دیا اور کہا کہ صوبہ کے تمام مربوط مدارس اپنے اپنے فنڈ سے کم سے از کم دس مکاتب کا قیام ضروری سمجھیں، اسی طرح اصلاح معاشرہ کے اجلاس و دیگر دینی حلقہ جات کے انعقاد پر خاص توجہ دیں۔ اجلاس میں مجلس منتظمہ کے راکین اور مدعوئین خصوصی نے شرکت کی۔ صدر اجلاس مولانا علی حسن مظاہری کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔