قومی خبریں

ہند۔ بنگلہ دیش کے درمیان باہمی رضامندی سے بات چیت جلد-وزارت خارجہ

نئی دہلی، (یواین آئی) ہندوستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ مثبت، تعمیری اور مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعلقات برقرار رکھنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اگلی قونصلر بات چیت باہمی رضامندی سے جلد ہوگی۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو اس سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان قونصلر بات چیت کا اگلا دور دونوں ممالک کی باہمی رضامندی سے طے شدہ تاریخ پر منعقد ہوگا۔ اس میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان نظرثانی شدہ سفری انتظامات سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مسٹر جیسوال نے بتایا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت، ریلوے، آبی وسائل اور سرحدی انتظام جیسے شعبوں میں پہلے سے طے شدہ انتظامات کے تحت اقدامات کیے گئے ہیں اور میٹنگیں بھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان موجودہ انتظامات کے ذریعے بنگلہ دیش کے ساتھ تمام دوطرفہ امور پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ اس میں تکنیکی سطح پر ہونے والی بات چیت بھی شامل ہے۔