اداریہ ؍مضامین

ایک ہی خاندان کی دو بہوئیں، دو الگ داستانیں!

سونیا گاندھی کی کتاب نے ان دنوں پورے ملک میں غیرمعمولی دھوم مچا رکھی ہے، لیکن ڈیجیٹل عہد میں جب لوگوں کو کتابیں خریدنے اور پڑھنے کی ترغیب دینے کے لیے باقاعدہ مہم چلانی پڑتی ہے، وہاں کسی سیاسی شخصیت کی خودنوشت کا اس قدر ہاتھوں ہاتھ لیا جانا یقیناً غیرمعمولی واقعہ ہے۔ کتابوں کی دکانوں پر قارئین کا ہجوم، آن لائن پلیٹ فارموں پر غیرمعمولی طلب اور اس کتاب کے حوالے سے ملک گیر بحث اس بات کا ثبوت ہے کہ سونیا گاندھی کی شخصیت آج بھی ہندوستانی سیاست اور سماج میں غیرمعمولی کشش رکھتی ہے۔
لیکن اس کتاب کی مقبولیت سے آگے ایک ایسا پہلو بھی ہے جس پر غور کیا جانا چاہیے۔ وہ ہے اندرا گاندھی کے خاندان کی دو بہوؤں، سونیا گاندھی اور مینکا گاندھی کے درمیان بنیادی فرق۔
سونیا گاندھی اٹلی سے ہندوستان آئیں۔ ایک غیرملکی خاتون ہونے کے باوجود انہوں نے نہ صرف ہندوستانی معاشرے میں اپنی جگہ بنائی بلکہ نہایت مشکل حالات میں نہرو۔گاندھی خاندان کی سیاسی اور خاندانی وراثت کو بھی سنبھالا۔ راجیو گاندھی کے قتل کے بعد ان کے سامنے زندگی کے کئی راستے تھے۔ وہ سیاست سے مکمل کنارہ کشی اختیار کرسکتی تھیں،ملک چھوڑ کر جا سکتی تھیں ،اپنے بچوں کی زندگی بچانے کا چیلنج ان کے سامنے تھا ،لیکن انہوں نے ان حالات میں بھی خود پر جذبات کو حاوی نہیں ہونے دیا اور بالآخر کانگریس کی قیادت قبول کی اور اس خاندان کی سیاسی میراث کو بکھرنے نہیں دیا۔ ان کی زندگی کا ایک بڑا حصہ اسی وراثت کو سنبھالنے اور آگے بڑھانے میں گزرا۔
اس کے برعکس مینکا گاندھی کا معاملہ بالکل مختلف رہا۔ وہ ہندوستانی تھیں، سنجے گاندھی کی شریک حیات تھیں اور اندرا گاندھی کے گھرانے کی بہو ہونے کے ناطے اس خاندان کی سیاسی وراثت میں ان کی بھی فطری دلچسپی تھی۔ لیکن سنجے گاندھی کی وفات کے بعد ان کے سیاسی مستقبل اور خاندان کی قیادت کے سوال پر اندرا گاندھی سے ان کے اختلافات اس قدر بڑھے کہ انہیں سرکاری رہائش گاہ چھوڑنی پڑی۔ بعد میں انہوں نے اپنی الگ سیاسی راہ اختیار کرلی اور بالآخر بی جے پی کے سیاسی دائرے میں پہنچ گئیں۔ان کو کبھی سنجئے گاندھی ،اندرا گاندھی اور جواہر لعل نہرو کے اقدار سے دلچسپی نہیں رہی ۔
یہاں سوال صرف وفاداری یا بغاوت کا نہیں، بلکہ خاندانی وراثت کو دیکھنے کے دو مختلف زاویوں کا ہے۔ سونیا گاندھی نے اس خاندان کی سیاسی میراث کو اپنا سرمایہ سمجھ کر سنبھالا، جب کہ مینکا گاندھی نے سنجے گاندھی کی سیاسی شناخت کو اپنی الگ سیاسی جدوجہد کی بنیاد بنایا۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ سونیا گاندھی کی راہ آسان نہیں تھی۔ انہیں غیرملکی ہونے کے طعنے دیے گئے، ان کی شہریت اور ہندوستانی شناخت کو سیاسی ہتھیار بنایا گیا، لیکن انہوں نے اپنی خاموشی، استقامت اور طویل سیاسی سفر سے ان تمام اعتراضات کا جواب دیا۔ آج ان کی کتاب کی مقبولیت اس بات کا بھی اظہار ہے کہ لوگ ان کی شخصیت کے اس پہلو کو جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں جسے انہوں نے برسوں تک عوامی نگاہوں سے اوجھل رکھا۔
یہاں ایک دلچسپ تضاد بھی ہے کہ جس عورت کو کبھی غیرملکی ہونے کے سبب ہندوستانی سیاست میں قبول نہ کرنے کی کوشش کی گئی، اسی نے ہندوستان کے ایک بڑے سیاسی خاندان کی وراثت کو سب سے زیادہ مضبوطی سے تھامے رکھا۔ اور اپنے بچوں میں بھی اس اقدار کو منتقل کیا جس کا زندہ ثبوت راہل اور پرینکا گاندھی ہیں ،جو آج بھی نفرت کے کے ماحول کو بدلنے کے لئے کوشاں ہیں ۔لیکن مینکا گاندھی جو اسی خاندان کی ہندوستانی بہو تھی، وہ بالآخر اس خاندان کی سیاسی روایت سے الگ راستے پر چل پڑی۔سونیا گاندھی پر رکیک حملہ کرنے والے اور انہیں اس ملک کی تہذیب کا مخالف قرار دینے والوں کو ایک منٹ ٹھہر کر سونیا اور مینکا کی شخصیت کا تقابل بھی کر لینا چاہئے ۔
شاید اسی لیے سونیا گاندھی کی کتاب محض ایک سیاسی رہنما کی یادداشتوں کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک ایسے سفر کی داستان بھی ہے جس میں ایک غیرملکی خاتون نے ہندوستان کو اپنا وطن بنایا، ایک خاندان کو اپنا خاندان سمجھا اور وقت کے ساتھ اپنی ایک الگ سیاسی شناخت قائم کی۔
خاندان کی تاریخ میں رشتے خون سے بنتے ہیں، لیکن وراثت کو سنبھالنے کے لیے کبھی کبھی خون کے رشتوں سے کہیں زیادہ صبر، برداشت اور قربانی درکار ہوتی ہے۔ سونیا اور مینکا کی داستان اسی فرق کو سمجھنے کا ایک دلچسپ موقع فراہم کرتی ہے۔ایک طویل عرصہ کے بعد سونیا گاندھی کی اس خود نوشت نے ہندوستان اور اس کی وراثت سے محبت کرنے والوں کے لئے ایک مثال پیش کی ہے ۔اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ خود نوشت میں ننگی سچائی لکھنے کی روایت شاذونادر ہی ملتی ہے ،لیکن اسے پڑھنے کے لئے جس صبرو ضبط کی ضرورت ہوتی ہے اس کا چلن بھی عنقا ہے ۔اس راہ پر چلنے والے بڑے بڑے ادیبوں کو بھی ٹھوکر کھاتے ہوئے دیکھا گیا ہے ۔ایسے میں سونیا گاندھی کی یہ خود نوشت نہایت سادہ اور جذباتی ہوتے ہوئے بھی ملک کے سب سے بڑے سیاسی خاندان کو سمجھنے کے لئے ایک بہترین چشمہ فراہم کرتا ہے ۔
شعیب رضا فاطمی