چین، امریکہ اور روس کے درمیان مثبت تعلقات انتخاب نہیں، ضرورت -شی جن پنگ
شینزین، (یو این آئی) چین کے صدر شی جن پنگ نے جمعرات کو کہا کہ چین، امریکہ اور روس کے درمیان مثبت تعلقات انتخاب نہیں، بلکہ ضرورت ہیں۔ انہوں نے یہ بات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ تینوں ممالک کے رہنماؤں کے پہلے روبرو سہ فریقی اجلاس کی میزبانی کرتے ہوئے کہی۔مسٹر شی نے اس اجلاس کو ‘غیر معمولی اہمیت’ کا حامل قرار دیتے ہوئے تینوں بڑی طاقتوں سے باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی، باہمی مفاد کے لیے تعاون اور مسلسل مذاکرات برقرار رکھنے کی اپیل کی، تاکہ غلط فہمیوں اور تنازعات کو روکا جا سکے۔
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق، مسٹر شی نے کہاکہ “ہم مشترکہ مستقبل کی حامل برادری ہیں۔ اس عالمی گاؤں میں بڑے ممالک کی خصوصی ذمہ داریاں ہیں۔ مذاکرات کے فقدان سے شبہات بڑھیں گے اور معمولی اختلافات بڑے تنازعات میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔”انہوں نے بڑی طاقتوں کے باہمی تعلقات کے لیے چار نکاتی تجویز پیش کی۔ اس میں باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی، باہمی مفاد پر مبنی تعاون اور مذاکرات و رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ تینوں ممالک باقاعدگی سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کریں، تمام سطحوں پر مذاکرات کے ذرائع کھلے رکھیں اور غلط اندازوں سے بچنے کے لیے بحران کے وقت رابطے کا نظام قائم کریں۔
مسٹر شی نے کہا کہ چین روس کے ساتھ جامع اسٹریٹجک ہم آہنگی کی شراکت داری کو آگے بڑھانا چاہتا ہے، جبکہ امریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک استحکام پر مبنی تعمیری تعلقات استوار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ بڑی طاقتوں کے درمیان ایسے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے، جو ‘پرامن بقائے باہمی، مجموعی استحکام اور متوازن ترقی’ پر مبنی ہوں۔ اس سے تینوں ممالک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو فائدہ ہوگا۔مسٹر شی نے تینوں طاقتوں پر زور دیا کہ وہ عالمی چیلنجز کا حل تلاش کرنے اور امن و استحکام برقرار رکھنے میں مثال قائم کریں۔ انہوں نے مسٹر ٹرمپ اور مسٹر پوتن سے کہاکہ “بڑے ممالک کے درمیان عالمی امن دنیا میں استحکام لاتا ہے، جبکہ ان کے درمیان مسابقت دنیا کو صرف انتشار کی طرف لے جائے گی۔”
مسٹر شی نے کہا کہ چین، روس اور امریکہ، جنہیں انہوں نے “بڑی فاشزم مخالف طاقتیں” قرار دیا، نے 80 سال سے زیادہ عرصہ قبل مل کر جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ “انہوں نے شانہ بشانہ لڑائی لڑی اور بڑی فتح حاصل کی، جس سے دنیا کو امن اور استحکام ملا۔”چین اور امریکہ کے درمیان حالیہ برسوں میں تائیوان کے تعلق سے کشیدگی رہی ہے۔ تائیوان ایک خود مختار جزیرہ ہے، جس پر بیجنگ اپنا علاقہ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔ چین نے بارہا واشنگٹن کو خبردار کیا ہے کہ تائیوان دو طرفہ تعلقات میں اس کی ‘ریڈ لائن’ ہے، جس کی امریکہ کو خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔ بڑی طاقتوں کے درمیان مسلسل مذاکرات اور تعاون کی مسٹر شی کی اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب دنیا بھر میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور اسٹریٹجک مفادات پر مسابقت جاری ہے۔
