اتر پردیش

عظمتِ قرآن کانفرنس میں ملک کے مختلف صوبوں سے ممتاز قراء عظام کی آمد

مفتی اظہار مکرم قاسمی نے شہر کے عوام الناس سے 21؍ نومبر کی شب منعقد ہونے والی اس روح پرور محفل میں بھرپور شرکت کی اپیل کی

کانپور: عظیم الشان ’’مظاہرۂ حسنِ قرأت و عظمتِ قرآن کانفرنس‘‘ کے کنوینرِ اجلاس مفتی اظہار مکرم قاسمی نے شہر کے عوام الناس سے 21؍ نومبر کی شب منعقد ہونے والی اس روح پرور قرآنی محفل میں بھرپور شرکت کی پرزور اپیل کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ آل انڈیا انجمن ترتیل القرآن اور تنظیم اہلِ سنت والجماعت کانپور کے زیرِ اہتمام یہ بابرکت محفل  10؍ جمادی الثانی 1448ھ مطابق 21؍ نومبر 2026ء بروز سنیچر، بعد نمازِ عشاء رات 8 بجے، بمقام لیاقت دادا چوراہا، طلاق محل میں منعقد ہوگا۔
مفتی اظہار مکرم قاسمی نے کہا کہ بانی و سابق صدر حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کے جاری کردہ اس عظیم قرآنی مشن کے تحت، حضرت مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی صدر انجمن ترتیل القرآن کانپور و جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء اترپردیش کی زیرِ صدارت سجنے والی اس محفل کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس نورانی اجلاس میں استاذِ حدیث دارالعلوم دیوبند و نائب صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا محمد سلمان صاحب بجنوری کا خصوصی خطاب ہوگا۔
انہوں نے مزید اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس بابرکت محفل میں دیوبند، لکھنؤ، سہارنپور، گجرات، جے پور اور سری نگر کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے نامور اور ممتاز قراء عظام تشریف لا رہے ہیں، جن میں قاری آفتاب عالم قاسمی استاذ شعبۂ تجوید و قرأت دارالعلوم دیوبند، قاری شفیق الرحمن قاسمی استاذ شعبۂ تجوید و قرأت دارالعلوم دیوبند، قاری ریاض احمد مظاہری استاذ شعبۂ تجوید و قرأت دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، قاری طیب جمال ناظم مدرسہ معہد القرأت ابی بن کعب سہارنپور، قاری جابر احمد استاذ شعبۂ تجوید و قرأت جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا گجرات، قاری ہدایت اللہ فرقانی جے پور اور قاری ارشد امین سری نگر کشمیر کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔
کنوینرِ اجلاس نے شہر کے علمائے کرام، ائمہ مساجد، نوجوانوں اور عامۃ المسلمین سے گزارش کی ہے کہ وہ وقتِ مقررہ پر بڑی تعداد میں اس عظیم الشان محفل میں تشریف لائیں اور تلاوتِ قرآن کی حلاوت سے اپنے قلوب و اذہان کو منور کر کے دارین کی سعادت حاصل کریں۔