کھیل کھلاڑی

اے ایم یو کی فٹبال ٹیم نے سینٹرل زون ٹورنامنٹ میں مسلسل دو میچ جیتے

علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فٹبال ٹیم نے چھترپتی شاہو جی مہاراج یونیورسٹی، کانپور کے زیر اہتمام منعقدہ سینٹرل زون فٹبال ٹورنامنٹ 2026 میں مسلسل دو فتوحات کے ساتھ شاندار آغاز کیا ہے۔
16 نومبر کو آئی آئی ٹی کانپور گراؤنڈ پر کھیلے گئے اپنے افتتاحی میچ میں اے ایم یو نے جاگرن لیک سٹی یونیورسٹی کو 4-1 سے شکست دی۔ ٹیم کے کپتان مہجور یوسف نے دو گول کیے، جبکہ عدنان اشرف وانی اور فرحان ذاکر نے ایک ایک گول کیا۔
اس کے بعد 18 نومبر کو اے ایم یو نے گلگوٹیا یونیورسٹی کے خلاف 2-1سے کامیابی حاصل کرکے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر تھیں۔ اے ایم یو کی جانب سے نور عالم خان نے پہلا گول کیا، جبکہ آخری پانچ منٹ میں عدنان اشرف وانی نے فیصلہ کن گول کرکے اے ایم یو کی ٹیم کو کامیابی دلائی۔
ٹیم کے ہمراہ کوچ طفیل الرحمٰن بھی موجود ہیں۔ یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزماں خان اور اے ایم یو فٹبال کلب کے صدر ڈاکٹر آصف خان نے کھلاڑیوں اور کوچ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے ڈسپلن، ٹیم ورک اور عزم و حوصلے کی ستائش کی اور ٹورنامنٹ کے بقیہ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔