دہلی میں پانچ زبانوں کی اکیڈمیوں کی تشکیل ، اردو اکیڈمی کا نام غائب، اردو حلقوں میں تشویش
نئی دہلی،،سماج نیوز:دہلی میں پانچ زبانوں کی اکیڈمیوں کی تشکیل کے بعد اردو اکیڈمی کا نام فہرست سے غائب ہونے پر اردو حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب علاقائی زبانوں کی ترویج و ترقی اور اس کے تحفظ کی باتیں کی جاتی ہیں، دہلی میں اردو اکیڈمی کو نظرانداز کیا جانا کئی اہم سوالات کھڑے کرتا ہے۔سوال یہ ہے کہ کیا اردو زبان جو کبھی اس ملک کی سرکاری زبان رہی ہے ،اور جس زبان کے نعروں نے جنگ آزادی کے دوران سب سے زیادہ مقبولیت حاصل کی ،آج اس زبان کی اکیڈمی کو مرکزی حکومت سے لے کر ریاستی حکومت تک نے اس طرح نظر انداز کرنا شروع کر دیا ہے جیسے یہ زبان ملک میں کہیں بولی ہی نہیں جاتی ۔سب سے زیادہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اردو اکیڈمی سے وابستہ رہنے والے اور اس کے مختلف پروگراموں، مشاعروں اور ادبی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھانے والے افراد کی طرف سے بھی ابھی تک کوئی مؤثر آواز سامنے نہیں آئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اردو کے پرانے اور نئے ادیب و شاعر اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہیں یا اردو اکیڈمی کے وجود اور اردو زبان کے حقوق کا سوال بھی مصلحتوں کی نذر ہو جاتا ہے۔عوامی احتجاج کی بات دوسری ہے کیا دہلی میں موجود وہ ہزاروں افراد جن کا تعلق کہیں نہ کہیں اردو زبان و ادب سے ہے ، وہ لوگ بھی جو براہ راست اردو تدریس سے وابستہ ہیں اور جو دہلی اردو اکیڈمی پر حکومت کرتے ہیں ،ان کا بھی منہ نہیں کھولنا اور سرکار سے یہ سوال نہ کرنا کہ آخر اردو زبان کا کیا قصور ہے جو اسے پنجابی،بھوجپوری،سنسکرت اور سندھی زبانوں سے بھی کمتر سمجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔اس سلسلہ میں اردو اکیڈمی کے سابق وائس چئیرمین تاج محمد نے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہلی سرکار کی اردو دشمنی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے ۔اگر حکومت اردو اکیڈمی کی تشکیل نو کرنے کے مرحلہ میں بھی ہے اور چند دنوں بعد اس کی تشکیل نو کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے تو کیا اسے دیگر اکادمیوں کے تشکیل نو کے اعلان سے ابھی توقف کیوں نہیں کرنی چاہئے ،تاکہ کسی بھی طبقہ کو کوئی شکایت نہ ہو ؟واضح ہو کہ اردو اکیڈمی کا قیام محض ایک ادارے کی تشکیل نہیں، بلکہ دہلی کی مشترکہ تہذیب، ادبی ورثے اور لسانی شناخت کے تحفظ کا معاملہ ہے۔ اس لیے حکومت سے یہ وضاحت طلب کرنا ضروری ہے کہ پانچ زبانوں کی اکیڈمیاں تشکیل دیتے وقت اردو کو کیوں نظرانداز کیا گیا؟
