Featured

میانمار کی حکومت مجرم قرار:روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی عدالت کا تاریخی فیصلہ

2017 کے فوجی آپریشن میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل، اجتماعی عصمت دری اور بچوں پر وحشیانہ مظالم کی تصدیق، آئی سی جے نے 9 کے مقابلے 6 ووٹوں سے سنایا فیصلہ، متاثرین کو معاوضہ دینے اور محفوظ واپسی یقینی بنانے کی ہدایت

دی ہیگ /نئی دہلی ،سماج نیوز سروس:میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام، نسل کشی اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف برسوں سے جاری قانونی جدوجہد کو اس وقت ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی جب اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالتی ادارے انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) نے ایک تاریخی فیصلے میں میانمار کی حکومت کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ میانمار کی فوج اور سکیورٹی فورسز نے 2017 میں شمالی ریاست رخائن میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جو فوجی کارروائی کی تھی، وہ محض انسداد دہشت گردی کی مہم نہیں تھی بلکہ اس کا مقصد اس مسلم اقلیت کے ایک بڑے حصے کو تباہ کرنا تھا۔ عدالت نے 15 ججوں کی بنچ میں 9 کے مقابلے 6 ووٹوں سے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ میانمار نے نسل کشی کی روک تھام اور سزا سے متعلق بین الاقوامی کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ عالمی عدالتی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب آئی سی جے نے کسی ملک کو باقاعدہ طور پر نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق عدالت کے صدر جج یوجی ایواسوا نے فیصلہ پڑھتے ہوئے کہا کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے ہزاروں روہنگیا شہریوں کو قتل کیا، بڑے پیمانے پر جنسی تشدد کا ارتکاب کیا، بچوں کے خلاف انتہائی وحشیانہ کارروائیاں کیں اور جان بچانے کے لیے فرار ہونے والے لوگوں کو بھی نشانہ بنایا۔ عدالت نے اس مؤقف کو مسترد کردیا کہ فوجی کارروائی صرف مسلح گروہوں کے خلاف کی گئی تھی۔ ججوں کے مطابق دستیاب شواہد سے یہی نتیجہ نکلتا ہے کہ میانمار کی فوج کا مقصد روہنگیا مسلمانوں کی ایک بڑی آبادی کو ختم کرنا تھا، جو بین الاقوامی قانون کے تحت نسل کشی کے جرم کی بنیادی شرط ہے۔واضح رہے کہ اگست 2017 میں میانمار کی فوج نے رخائن ریاست میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔ اس دوران سیکڑوں دیہات کو نذر آتش کردیا گیا، ہزاروں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، خواتین کی اجتماعی عصمت دری کی گئی اور بچوں تک کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ فوجی کارروائی اور مظالم سے بچنے کے لیے سات لاکھ سے زیادہ روہنگیا مسلمانوں کو اپنا گھر بار چھوڑ کر پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں پناہ لینی پڑی۔ آج بھی لاکھوں روہنگیا پناہ گزین بنگلہ دیش کے کیمپوں میں انتہائی دشوار حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ میانمار میں باقی رہ جانے والی آبادی کو بھی نقل و حرکت، بنیادی سہولتوں اور شہری حقوق پر سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔اس معاملے کو عالمی عدالت تک پہنچانے کا سہرا افریقی مسلم اکثریتی ملک گیمبیا کے سر ہے، جس نے 2019 میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی حمایت سے میانمار کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ گیمبیا نے عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ میانمار کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا جائے، مظالم کو روکا جائے، متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔ سات سال کی طویل قانونی جدوجہد، سماعتوں اور شواہد کے جائزے کے بعد عدالت نے بالآخر گیمبیا کے مؤقف کو درست تسلیم کرلیا۔عدالت نے میانمار کو متاثرین کے نقصانات کی تلافی اور معاوضہ ادا کرنے کا پابند قرار دیا ہے۔ معاوضے کی حتمی رقم اور ادائیگی کے طریقۂ کار کا تعین بعد کے مرحلے میں کیا جائے گا۔ میانمار کو اس بات کا بھی پابند بنایا گیا ہے کہ وہ بے گھر کیے گئے روہنگیا مسلمانوں کی محفوظ، باعزت اور رضاکارانہ واپسی اور خاندانوں کے دوبارہ ملاپ کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ عدالت نے نسل کشی کے شواہد اور متعلقہ ثبوتوں کے تحفظ میں ناکامی پر بھی میانمار کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔یہ فیصلہ محض روہنگیا مسلمانوں کے لیے انصاف کی ایک بڑی پیش رفت نہیں بلکہ پوری دنیا کے مظلوم اور بے بس عوام کے لیے ایک اہم پیغام بھی ہے کہ ریاستی طاقت کے ذریعے کسی مذہبی یا نسلی اقلیت کو ختم کرنے کی کوشش کو عالمی قانون کے تحت جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ تاہم اس فیصلے پر عمل درآمد ایک بڑا سوال ہے، کیونکہ آئی سی جے کے پاس اپنے فیصلے نافذ کرانے کے لیے براہ راست فوجی یا انتظامی طاقت نہیں ہے۔ اس کے باوجود عدالت کا فیصلہ قانونی طور پر حتمی اور فریقین کے لیے پابند ہے، جس کے بعد میانمار پر عالمی دباؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔