گراسا مچیل کی زندگی اندرا گاندھی کے نظریات کا مضبوط عکس ہے: سونیا گاندھی
نئی دہلی، (یواین آئی) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر اور اندرا گاندھی میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ موزمبیق کی انسانی حقوق کی کارکن اور سماجی خدمت گار گراسا مچیل کی کئی دہائیوں پر محیط زندگی، ان کی خدمات اور قومی سرحدوں سے بالاتر ہوکر ان کی جدوجہد اندرا گاندھی کے امن، آزادی اور ترقی کے نظریات کا مضبوط عکس ہیں۔سونیا گاندھی نے جمعرات کو یہاں جواہر بھون میں منعقدہ 2025 کے اندرا گاندھی امن، تخفیف اسلحہ اور ترقی ایوارڈ کی تقریب میں گراسا مچیل کو یہ اعزاز پیش کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گراسا مچیل نے موزمبیق کی آزادی کی جدوجہد سے لے کر خواتین اور بچوں کے حقوق کی وکالت تک اپنی زندگی سماجی انصاف، انسانی وقار اور مساوات کے لیے وقف کردی ہے۔ یہ اقدار اندرا گاندھی کے نظریات سے گہری مطابقت رکھتی ہیں۔سونیا گاندھی نے کہا کہ اندرا گاندھی امن، آزادی اور ترقی کو ایک دوسرے سے الگ نہیں سمجھتی تھیں۔ ان کا ماننا تھا کہ حقیقی ترقی لوگوں کے وقار اور ان کی فلاح و بہبود، خصوصاً محروم طبقات کی زندگیوں میں بہتری سے وابستہ ہے۔ ان کے نزدیک سیاسی آزادی اسی وقت بامعنی ہوسکتی ہے جب اس سے لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی آئے۔انہوں نے بتایا کہ 1945 میں دیہی موزمبیق میں پیدا ہونے والی گراسا مچیل 1973 میں اپنے وطن واپس لوٹیں اور ایک مجاہدِ آزادی اور معلمہ کی حیثیت سے فریلیمو کی آزادی کی تحریک میں شامل ہوگئیں۔ 1975 میں موزمبیق کی آزادی کے بعد وہ ملک کی پہلی وزیر تعلیم و ثقافت مقرر ہوئیں۔ ان کے دور میں اسکولوں میں طلبہ کی تعداد اور داخلوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ لڑکوں کے داخلے کی شرح 40 فیصد سے بڑھ کر 90 فیصد سے زیادہ ہوگئی، جبکہ لڑکیوں کے داخلے کی شرح 75 فیصد تک پہنچ گئی۔سونیا گاندھی نے کہا کہ گراسا مچیل کے نزدیک تعلیم کا مقصد نئی نسل کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے قابل بنانا تھا۔ انسانی وقار کے تئیں ان کی وابستگی صرف موزمبیق تک محدود نہیں رہی، بلکہ انہوں نے عالمی سطح پر بھی بچوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔ 1996 میں اقوام متحدہ کی رپورٹ دی امپیکٹ آف آرمڈ کانفلکٹ آن چلڈرن (بچوں پر مسلح تنازعات کے اثرات) نے جنگوں کے دوران بچوں کو پہنچنے والے تباہ کن نقصانات کو اجاگر کیا۔ اس رپورٹ نے بچوں کی تکالیف کے حوالے سے اقوام متحدہ اور اس کے رکن ممالک کے طرزِ عمل میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کیا اور آج بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چلائی جانے والی مہمات کے لیے رہنما حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گراسا مچیل کا ماننا ہے کہ امن کا مطلب صرف جنگ یا تنازع کا خاتمہ نہیں، بلکہ اس کے ذریعے متاثرہ برادریوں کو اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کرنے اور مستقبل کی جانب امید کے ساتھ دیکھنے کا موقع بھی ملنا چاہیے۔ اندرا گاندھی کے نزدیک بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں تعلیم کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔ ان کا خیال تھا کہ سیاسی آزادی کے ساتھ ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی بھی ضروری ہے اور کسی بھی قوم کی اصل طاقت اس کے عوام میں مضمر ہوتی ہے۔سونیا گاندھی نے امن کو آزادی اور ترقی کی طرح ناقابلِ تقسیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی تینوں تصورات اس ایوارڈ کی بنیادی روح کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق انصاف کے بغیر پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا اور تشدد و عدم تحفظ کے ماحول میں بامعنی ترقی ممکن نہیں ہے۔ گراسا مچیل نے اپنی عوامی زندگی میں ان نظریات کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل کام کیا ہے۔
