قومی خبریں

سندور اور بہار کی خواتین سے متعلق متنازع ریمارکس

کامیڈین کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے سخت کارروائی کا اوجھاکامطالبہ

نئی دہلی،  (یو این آئی) دہلی بی جے پی پوروانچل مورچہ کے صدر سنتوش اوجھا نے سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں چھٹھ مہاپرو اور بہار کی خواتین کے مقدس سندور کے تعلق سے مبینہ فحش اور قابل اعتراض تبصروں کی سخت مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تفریح یا اظہار رائے کی آزادی کے نام پر لاکھوں خواتین کے مذہبی جذبات، سماجی وقار اور ثقافتی روایات کی توہین کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔اوجھا نے بدھ کو وسطی دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس روہت راج بیر سنگھ کو شکایت سونپ کر ویڈیو کی غیر جانبدارانہ جانچ، فوری ایف آئی آر درج کرنے، ڈیجیٹل شواہد محفوظ رکھنے اور الزام ثابت ہونے پر متعلقہ شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ چھٹھ صرف مذہبی تہوار نہیں بلکہ بہار اور پوروانچل کی ثقافت، عقیدت اور فخر کی علامت ہے۔ اس موقع پر خواتین اپنے خاندان کی خوشحالی، بچوں کی لمبی عمر اور گھر میں خوشی کے لیے سخت روزے رکھتی اور عبادت کرتی ہیں۔اوجھا کے مطابق، شادی شدہ خواتین کے لیے مقدس علامت سندور کے خلاف ایسے متنازع تبصرے لاکھوں خواتین کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچاتے ہیں۔