سونیا گاندھی کی سوانح حیات پر چرچا
عبدالعزیز
9831439068
دنیا کی ہر زبان و ادب میں ’’سوانح‘‘ پسندیدہ صنف ہے،اردو میں اس صنف کی روایت تقریباً ڈیڑھ سو سال پرانی ہے، سوانح عربی زبان کا لفظ ہے، ’’سانحہ‘‘ کی جمع ہے،جس کے معنی ہیں : ظاہر ہونے والی چیز اور پیش آنے والا واقعہ، سانحہ حادثہ کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے؛ لیکن یہ معنی یہاں مراد نہیں لیاجاتا، جب سوانح میں ’’عمری‘‘ کا لاحقہ بڑھا دیاجاتاہے تو اس کا تعلق حالاتِ زندگی سے ہوجاتا ہے، پوری زندگی کی سرگزشت جس میں نرم وگرم، تلخ وشیریں اور اچھے بْرے واقعات پیش کیے جاتے ہیں اور جب سوانح کے ساتھ ’’نگاری‘‘ کا لاحقہ لگتا ہے تو اس کے معنی حالاتِ زندگی لکھنے کے ہوتے ہیں ، انگریزی زبان میں اس کے لیے Bio graphy کا لفظ بولا جاتاہے، Bioکے معنی حیات اور graphy کے معنی نگاری (لکھنا) ہے، یعنی حالات زندگی لکھنا۔ ’’انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا‘‘ میں سوانح عمری کی تعریف درج ذیل ان الفاظ میں کی گئی ہے:
’’سوانح عمری ایسا بیانیہ ہے جو کسی فرد کی زندگی اور شخصیت کی باز آفرینی اور اس کے عمل کو شعوری اور فن کارانہ انداز میں قلم بند کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔‘‘
سوانح عمری کا تعلق تاریخ سے ہے، کسی بھی بڑے آدمی کی سوانح عمری میں اس کے پورے ماحول اور ان سے وابستہ افراد کا ذکر ہوتا ہے، اس کے جلو میں اس عہد کی تاریخ وتہذیب سمٹ آتی ہے، سوانح نگار مصوری کے ساتھ مؤرخ کا کام بھی کرتا ہے، جو سوانح جتنی دیانت داری سے لکھی جاتی ہے وہ اتنی ہی قیمتی ہوتی ہے۔
سونیا گاندھی کانگریس پارٹی کی ایک طاقت ور خاتون لیڈر ہیں ۔سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے بعد کانگریس کے لیڈرس اور کارکنان ان کو وزیر اعظم بنانے کے خواہشمند تھے لیکن انھوں نے انکار کیا۔ 2004ء میں بھی کانگریس کے لیڈران کے علاوہ بی جے پی کے سوا دیگر پارٹیوں کے لیڈران بھی چاہتے تھے کہ وہ وزیر اعظم کاعہدہ قبول کرلیں، لیکن اس بار بھی انھوں نے انکار کیا۔ اس کا تذکرہ بھی انھوں نے نئی کتاب میں کیا ہے۔ بتایا ہے کہ وہ بھی نئی چاہتی تھیں کہ وزیر اعظم کا عہدہ قبول کریں لیکن ایک بار کانگریسی لیڈران کے بے حد اصرار پر ’ہاں‘ بھی کہہ دیا تھا مگر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے اپنی والدہ محترمہ پر دباؤ ڈالا کہ وہ کسی قیمت پر اس عہدہ کو قبول نہ کریں۔ ’’ابھی انھوں نے اپنے باپ کو کھویا ہے، اپنی پیاری ماں کو کھونانہیں چاہتے۔ ‘‘
آنجہانی راجیو گاندھی کی اطالوی نژاد بیوہ سونیا گاندھی نے ہندستان کی تاریخ میں سب سے اہم کردار ادا کرنے والی جماعت کی صدارت سنبھالنے سے پہلے یہ کوشش کی کہ وہ سیاست سے دور رہیں۔ ہندستان کے ایک انگریزی میگزین میں ایک زمانے میں سونیا گاندھی کے بارے میں لکھا تھا کہ ’’وہ اپنی پارٹی کے لوگوں کے لئے ایک معمہ اور پیچیدہ شخصیت ہیں جو سیکوریٹی کے حصار میں دنیا سے الگ تھلگ رہتی ہیں اور کم گو غیر ملکی لہجے میں مختصر جملوں میں بات کرتی ہیں۔‘‘
تاہم اس خاموشی کے پیچھے میگزین کو ایک ایسی سیاست داں نظر آئی جو طاقت کے داؤ پیچ سیکھ رہی تھیں۔ وہ مختلف خیالات کو غور و خوض سے سنتی ہیں، معلومات اکٹھی کرتی ہیں اور پھر اپناذہن بناتی ہیں۔ میگزین نے لکھا تھا کہ ’’کسی کو فیصلہ سازی کے عمل سے دور نہیں رکھا جاتا تھا۔ وہ کسی کی آواز کو دبایا نہیں جاتا، لیکن آخر میں وہی ہوتا ہے جو وہ چاہتی ہیں۔‘‘
تین دہائیوں اور ایک ایسے سیاسی سفر کے بعد جس نے انھیں کانگریس پارٹی کی سب سے طاقت ور شخصیت بنایا وہ اب اپنی سوانح حیات سنانے جارہی ہیں۔ 79 سالہ سونیا گاندھی کی کہانی نشیب و فراز اور غیر معمولی دکھوں سے بھری ہوئی ہے۔ اپنی ساس اندرا گاندھی کو جب ان کے محافظوں نے انھیں گولی ماری تو سونیا گاندھی ہی انھیں اسپتال لے کر گئی تھیں۔ سات سال بعد سونیا گاندھی کے شوہر سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی بھی ایک خود کش حملے میں مارے گئے تھے۔
ان کی آپ بیتی “Belonging: A Journey of Love” (متعلقین:ایک سفرِ محبت) برطانیہ میں ولیم کولنز جبکہ امریکہ میں ’الفرڈ اے کنوف نامی‘ ادارہ نے شائع کیا ہے۔
مذکورہ کتاب کے چھپنے سے پہلے ہی ہندستان بھر میں اس کا تذکرہ ٹی وی چینلوں، اخبارات اور رسالوں میں ہونے لگا تھا۔ اب جبکہ یہ کتاب منظر عام پر آگئی ہے تو دو تین دنوں سے یہ کتاب موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ کتاب میں یقینا کچھ باتیں ایسی ہیں جن سے اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن اسے تنازعہ کا سبب نہیں بنایا جاسکتا۔سونیا گاندھی یا راہل گاندھی یا پرینکا گاندھی کی کوئی تقریر یا تحریر ہو اس پر سنگھ پریوار والے بھلا کیسے خاموش رہ سکتے ہیں۔ اس کتاب کے بھی بہت سے مندرجات پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس والے تنازعے پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ خاص طور پر بابری مسجد کے بارے میں سونیا گاندھی نے جو لکھا ہے کہ ’’اسے گراتے دیکھ کر ان کی آنکھیں نم ہوگئیں اور انھوں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ پانچ سو سالہ عمارت کو دن دہاڑے فوج اور پولس کی موجودگی میں منہدم کر دیا جائے گا۔‘‘ سونیا گاندھی کی ان باتوں سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ بابری مسجد سے کانگریس کی ہمدردی ، لگاؤ ظاہر ہوتی ہے۔حالانکہ ظاہراً ہی سہی لیکن اٹل بہاری واجپئی نے بھی بابری مسجد کے انہدام پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
سونیا گاندھی نے مسلم پرسنل لاء کے تعلق سے شاہ بانو کے مقدمے کا ذکر کیا ہے کہ ’’جب مسلم خواتین بل سپریم کورٹ کے فیصلے کو بدلنے کے لئے پارلیمنٹ میں پاس کیا گیا تو سونیا گاندھی نے راجیو گاندھی سے باز پُرس کی تھی۔ راجیو گاندھی نے جواب میں کہا تھا کہ ’’وہ مسلم پرسنل لاء کو خطرے میں نہ ڈال کر اور شاہ بانو اور ان جیسی دیگر خواتین کے مسئلے کا حل نکالنا چاہتے تھے۔‘‘ راجیو گاندھی ایک منصف مزاج شخصیت کے حامل تھے۔ جب انھوں نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ایک وفد سے با ت چیت کی اور مسلم خواتین کے حقوق اور مرتبے کے بارے میں اسلام میں کیا کچھ ہے اس کا علم ہوا توراجیو گاندھی نے تسلیم کیا کہ ’’اسلام میں عورتوں کے حقوق محفوظ ہیں۔‘‘اس معاملے میں بھی بی جے پی اور آر ایس ایس کے کارکنان مخالفانہ روش اپنانے میں سب سے آگے ہیں۔
کتاب میں جس بات کا سب سے زیادہ چرچا ہے وہ مینکاگاندھی اور سنجے گاندھی کے کردار کا ہے۔ سونیا گاندھی نے تفصیل سے لکھا ہے کہ کیسے سنجے گاندھی اور مینکا گاندھی کی اندرا گاندھی کی مخالفت کے باوجود شادی ہوئی اور کس طرح سنجے گاندھی کے طور طریقے اور فیصلے سے اندرا گاندھی ناخوش رہا کرتی تھیں۔ خاص طور پر مینکا گاندھی کی عادات اور چال چلن سے گاندھی خاندان میں کشمکش اور تناؤ پایا جاتا تھا۔ مینکا گاندھی سنجے گاندھی سے دس سال چھوٹی تھیں اور ان کا تعلق ایک پنجابی فوجی خاندان سے تھا۔ اس لئے اندرا گاندھی اس شادی کے بارے میں خوش نہیں تھیں۔ سونیا گاندھی نے مینکا گاندھی کی سنجے گاندھی کے ساتھ لڑائی جھگڑے کا بھی ذکر کیا ہے۔ اور اس کا بھی ذکر کیا ہے کہ وہ کس طرح نازیبا الفاظ اور جملے کا استعمال کرتی تھیں جو گاندھی خاندان کے لئے کسی طرح بھی قابل قبول نہ تھا۔ کتاب میں مینکا گاندھی کی حرکتوں اور نظریات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ حقیقت میں مینکا گاندھی دائیں بازو کی سیاست کو پسند کرتی تھیں۔ اندرا گاندھی کے خاندان کے بالکل برخلاف بی جے پی اور آر ایس ایس سے تعلق رکھنا پسند کرتی تھیں۔ یہاں تک کہ اپنے بیٹے ورون گاندھی کی پہلی سالگرہ گاندھی خاندان میں منانے کے بجائے وجئے راجے سندھیا کے گھر میں منایا۔ اس وقت اندرا گاندھی غیر ملکی دورے پر تھیں۔ ان کو یہ جان کر بڑا دکھ ہوا۔ مینکا گاندھی نے اپنے رسالہ ’سوریہ‘ کو بھی آر ایس ایس کے ایک قریبی شخص کو فروخت کیا جن کا ان کی ماں سے گہرا تعلق تھا۔ حقیقت میں مینکا گاندھی اندرا گاندھی مخالف رویہ اپنائے ہوئے تھیں۔ اندرا گاندھی اور سونیا گاندھی سے بھی اکثر و بیشتر ان کی تکرار ہوا کرتی تھی۔ راجیو گاندھی اور سونیا گاندھی اس قدر Fed up (تنگ) آگئے تھے کہ اندرا گاندھی سے اجازت لے کر کرایہ کے مکان میں سونیا گاندھی کے ساتھ منتقل ہونا چاہتے تھے لیکن اندرا گاندھی نے دونوں کو کسی طرح اپنے ساتھ رہنے پر آمادہ کرلیا۔
عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ مینکا گاندھی کو اندرا گاندھی نے گھر سے باہر کا راستہ دکھایا لیکن سونیا گاندھی کی کتاب میں یہ لکھا گیا ہے کہ جب اندرا گاندھی غیر ملکی دورے پر تھیں تو اسی دوران مینکا گاندھی اپنے سامان باندھ باندھ کر دوسری جگہ منتقل کرتی رہیں اور انھوں نے خود اندرا گاندھی سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔ کتاب میں جو کچھ لکھا ہوا ہے اور پہلے سے بھی لوگوں کو معلوم ہے کہ مینکا گاندھی سیاست میں نمایاں رول ادا کرنا چاہتی تھیں۔ ان کی ماں نے بھی بہت سے کانگریسیوں سے اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا کہ مینکا گاندھی کو کانگریس میں وہی پوزیشن دی جائے جو سنجے گاندھی کی تھی۔ اندرا گاندھی مینکا گاندھی کی کم عمری اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے کانگریس میں کوئی مقام دینا نہیں چاہتی تھیں۔ یہ چیز بھی مینکا گاندھی کو بیحد ناپسند تھی۔ گھر میں سونیا گاندھی کو نوکر چاکر ’بہو رانی‘ کہتے تھے جبکہ مینکا گاندھی کو ’چھوٹی بہو‘ کہہ کر پکارتے تھے۔ مینکا گاندھی کو یہ چیز بھی پسند نہیں تھی۔ وہ سمجھتی تھیں کہ گھر میں ان کی کوئی عزت نہیں ہے۔ مینکا گاندھی اور سنجے گاندھی دونوں کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ دونوں کا رجحان دائیں بازو یعنی آر ایس ایس اور بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کی طرف تھا۔ اندرا گاندھی کو یہ چیز منظورنہیں تھی۔ سنجے گاندھی کا بھی کتاب میں ذکر کیا گیا ہے کہ وہ اندرا گاندھی سے بغیر صلاح و مشورے کے فیصلے کرتے تھے۔ خاص طور پر ایمرجنسی کے زمانے میں سنجے گاندھی کی نس بندی پر ضرورت سے زیادہ زور اور کئی ایسے غلط فیصلے تھے جس کے بارے میں راجیو گاندھی اور اندرا گاندھی دونوں کا اتفاق تھا کہ ایمرجنسی کے بعد الیکشن میں جو کانگریس کی شرمناک شکست ہوئی اس کا بڑا سبب سنجے گاندھی کے غلط فیصلے اور سیاسی رویے کا تھا۔
بہر حال اس کتاب میں بہت سی ایسی چیزیں ہیں جو فرسٹ ہینڈ کے ذریعے لوگوں کو معلوم ہوں گی۔ سونیا گاندھی نے کانگریس کے اندر کی باتوں کا ذکر کیا ہے ۔ راہل گاندھی کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ نریندر مودی کی شخصیت پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ پرنب مکھرجی اور منموہن سنگھ کا بھی ذکر ہے۔ احمد پٹیل کا خاص طور پر ذکر کیا ہے کہ کس طرح پٹیل نے ان کی معاونت کی۔
سونیا گاندھی نے پہلی بار یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ 2010ء میں انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کی سرجری ہوئی تھی۔ وہ لکھتی ہیں کہ ذہنی دباؤ اور سیاست میں ان کے بڑھتے ہوئے کردار کے باعث پیٹ کے بار بار مسائل پیدا ہوئے۔ دہلی کے سر گنگا رام ہسپتال کے ڈاکٹروں نے سرجری کا مشورہ دیا، لیکن میڈیا کی توجہ سے بچنے کیلئے انہوں نے بیرونِ ملک علاج کرانے کا انتخاب کیا۔ ان کی سرجریاں میلان کے قریب واقع یورپین انسٹیٹیوٹ آف آنکولوجی اور روٹرڈیم کے ایراسمس یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں ہوئیں، نہ کہ نیویارک میں جیسا کہ عام طور پر سمجھا جاتا تھا۔ وہ یاد کرتی ہیں کہ پہلے آپریشن سے قبل راہل اور پرینکا نے ان کا ہاتھ پکڑا اور ان کی پیشانی کو بوسہ دیا تھا۔ ایک سال بعد کینسر دوبارہ لوٹ آیا اور انہیں مزید سرجری کی ضرورت پڑی۔
مختصراً یہ کہ یہ کتاب پڑھی جانے کے لائق ہے۔ ابھی تک یہ ہاتھوں ہاتھ لی جارہی ہے۔ یہ Bestseller کتاب ہے۔ ہزاروں ہاتھ میں یہ کتاب پہنچ چکی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اسے لاکھوں اور کروڑوں لوگ پڑھنے کے خواہشمند ہیں۔
E-mail:[email protected]
Mob:9831439068
