اداریہ ؍مضامین

یوم آئین پر بھی ہندو مسلم سیاست!

جمہوریت میں وزیر اعظم کا منصب محض حکومت چلانے کا نہیں، بلکہ پورے ملک کو ساتھ لے کر چلنے، آئین کی بالادستی قائم رکھنے اور سماج میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کا بھی ہوتا ہے۔ وزیر اعظم ملک کی تمام برادریوں، طبقات اور مذاہب کے لوگوں کا نمائندہ ہوتا ہے۔ لیکن افسوس کہ ہندوستان میں آئین کے یومِ تاسیس جیسے اہم موقع پر بھی وزیر اعظم نریندر مودی نے سیاسی اختلافات کو مذہبی رنگ دینے سے گریز نہیں کیا۔
وزیر اعظم نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ او بی سی ریزرویشن میں کٹوتی کرکے مسلمانوں کو ریزرویشن دینا چاہتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ آئین کے دن وزیر اعظم کو ملک کے سامنے آئینی اقدار، سماجی انصاف، مساوات اور بھائی چارے کا پیغام دینا چاہیے تھا یا ایک مخصوص مذہبی طبقے کے خلاف سیاسی ماحول تیار کرنا چاہیے تھا؟ کیا ملک کے وزیر اعظم کا منصب اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے نام پر مسلمانوں کو ان کے مقابل کھڑا کردیں؟
یہ بیان محض کانگریس پر سیاسی حملہ نہیں، بلکہ سماج کے دو محروم طبقات کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنے کی ایک کوشش بھی ہے۔ او بی سی طبقہ اور مسلمان دونوں ہندوستان کے سماجی، معاشی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات میں شامل ہیں۔ ان کے حقوق کا تحفظ ایک دوسرے کے حقوق چھیننے سے نہیں، بلکہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے سماجی انصاف کے اصولوں کو نافذ کرنے سے ممکن ہے۔ اگر کسی طبقے کو ریزرویشن ملتا ہے تو اس کی بنیاد مذہب نہیں بلکہ سماجی اور تعلیمی پسماندگی ہونی چاہیے۔ یہ فیصلہ آئینی اصولوں اور متعلقہ قانونی دفعات کے مطابق ہونا چاہیے، نہ کہ انتخابی جلسوں کے نعروں سے۔
وزیر اعظم کے بیان کا سب سے قابل اعتراض پہلو یہ ہے کہ انہوں نے ایک آئینی اور سماجی مسئلے کو ہندو مسلم تنازعے میں تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ آخر مسلمانوں کے لیے کسی پالیسی یا ریزرویشن کی بات ہوتے ہی او بی سی طبقے کے حقوق خطرے میں کیسے پڑ جاتے ہیں؟ کیا مسلمانوں میں پسماندہ طبقات موجود نہیں ہیں؟ کیا ملک کے آئین نے سماجی اور تعلیمی پسماندگی کی بنیاد پر محروم طبقات کو تحفظ دینے کا راستہ نہیں دکھایا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ ریزرویشن کا معاملہ آئینی، قانونی اور سماجی انصاف کا معاملہ ہے، اسے مذہبی تصادم کا ہتھیار بنانا جمہوری سیاست کے شایانِ شان نہیں۔
اور اس بیان کے سیاسی پس منظر کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کی آہٹ سنائی دینے لگی ہے۔ یہ بی جے پی کی سب سے اہم ریاست ہے اور یہاں اقتدار کی واپسی اس کے لیے غیر معمولی سیاسی اہمیت رکھتی ہے۔ ایسے میں ایک بار پھر وہی پرانا سیاسی نسخہ آزمایا جاتا دکھائی دے رہا ہے، جس میں مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم، صحت، کسانوں کے مسائل اور نوجوانوں کے مستقبل کے بجائے ہندو مسلم اختلافات کو انتخابی سیاست کا مرکزی موضوع بنا دیا جاتا ہے۔
سوال یہ بھی ہے کہ اگر حکومت کو اپنے کاموں پر اعتماد ہے تو اسے اپنی کامیابیوں کا حساب دینا چاہیے۔ اسے بتانا چاہیے کہ نوجوانوں کو کتنے روزگار ملے، کسانوں کی آمدنی میں کتنا اضافہ ہوا، سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں کی حالت کتنی بہتر ہوئی اور پسماندہ طبقات کی زندگی میں کتنی تبدیلی آئی۔ لیکن جب انتخابی سیاست کا محور مذہبی شناخت بن جائے تو ان بنیادی سوالات سے بچ نکلنا آسان ہوجاتا ہے۔
وزیر اعظم کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ وہ صرف بی جے پی کے انتخابی مہم کے قائد نہیں بلکہ ایک ایسے ملک کے وزیر اعظم ہیں جس کا آئین مذہب کی بنیاد پر شہریوں کے درمیان تفریق کی اجازت نہیں دیتا۔ آئین کا دن ہمیں ڈاکٹر امبیڈکر کی اس جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جس کا مقصد ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر تھا جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور کسی کی مذہبی شناخت اس کے شہری مرتبے کا تعین نہ کرے۔
افسوس کہ جس دن ملک کو آئین کی روح، جمہوری رواداری اور سماجی ہم آہنگی کا پیغام ملنا چاہیے تھا، اسی دن ملک کے وزیر اعظم نے ایک ایسا سیاسی بیانیہ پیش کیا جس سے فرقہ وارانہ خلیج مزید گہری ہونے کا اندیشہ ہے۔
آخر ہندوستان کب تک انتخابی سیاست کے نام پر ہندو مسلم تنازعات میں الجھا رہے گا؟ کب تک عوام کے حقیقی مسائل کو مذہبی نعروں کے نیچے دبایا جاتا رہے گا؟ اور سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کیا ملک کا وزیر اعظم بھی انتخابی فائدے کے لیے سماج کو تقسیم کرنے والی سیاست سے اوپر نہیں اٹھ سکتا؟
آئین کا دن صرف تقریبات، تقاریر اور آئین کی کتاب اٹھا کر تصویریں کھنچوانے کا دن نہیں ہے۔ یہ آئین سے وفاداری ثابت کرنے کا دن ہے۔ اور آئین سے وفاداری کا پہلا تقاضا یہی ہے کہ ملک کے شہریوں کو مذہب کی بنیاد پر ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کرنے کے بجائے ان کے درمیان برابری، انصاف اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔
شعیب رضا فاطمی