بہار نامہ

جامعہ صفہ کے زیر اہتمام جمعیۃ علماء ضلع پٹنہ کا عظیم الشان تعلیمی وتربیتی اجلاس

پٹنہ (پریس ریلیز) پٹنہ شہر کے معتبر ادارہ مدرسہ جامعہ صفہ نیوعظیم آباد کالونی کے زیراہتمام جمعیۃ العلماء ضلع پٹنہ کا ایک عظیم الشان تنظیمی وتربیتی اجلاس گذشتہ روز مدرسہ جامعہ صفہ کی مسجد میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت مولانا رضوان قاسمی مہتمم مدرسہ ہذا نے فرمائی ۔ واضح ہوکہ مولانا موصوف جمعیۃ العلماء کے شعبہ دینی تعلیمی بورڈ کے صوبائی صدر بھی ہیں۔اس عظیم الشان تاریخی اجلاس میں صدر محترم مولانا محمد رضوان قاسمی صاحب نے اپنے کلیدی خطبہ میں صوبہ بہار میں امت مسلمہ کے درمیان دینی تعلیمی کی اہمیت اور فروغ پر خصوصی توجہ فرمائی اور آئندہ کےلئے لائحہ عمل بھی پیش کیا ۔بعد ازاں جمعیۃ علماء کے بزرگ عالم دین مولانا مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی نے جمعیۃ علماء کے افکار ونظریات ، خدمات اور اکابرین کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں اور کارکنان کو تاریخ جمعیۃ علماء کے مطالعہ اور فکری وتنظیمی تربیت کی طرف متوجہ کیا بعدازاں مولانا شمس تبریز رحمانی اور مولانا سلیمان قاسمی نے پروجیکٹر کے ذریعہ جمعیۃ علماء بہار کے تعمیری پروگراموں کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے دینی تعلیمی بورڈ کے مختلف شعبوں کا تعارف بھی پیش کیا خصوصاً مثالی مسجد کے عنوان کے تحت مسجد نبوی کی روحانی مقاصد اور حقیقت سامنے آئی ہے ۔ علاوہ ازیں پروجیکٹر کے ذریعہ دینی تعلیمی بورڈ کے مختلف شعبوں کے تفصیلی تعارف بھی تعلیم سے دلچسپی رکھنے والوں کے لئے علم میں اضافہ کا باعث ثابت ہوا ۔دینی تعلیمی بورڈ کے ان تعلیمی کارناموں کی پیش کش عوامی سطح پر مفید ثابت ہوا ۔بعد ازاں مہمان خصوصی حضرت مولانا محمد حکیم الدین قاسمی دامت برکاتہم ناظمی عمومی جمعیۃ علماء ہند نے اپنے پر مغز خطاب میں تنظیمی استحکام کارکنان کی تربیت اور موجودہ وآئندہ نسلوں کے دین وایمان کے تحفظ پر خصوصی توجہ دلائی ۔ مولانا موصوف نے مکاتب دینیہ کے قیام کووقت کی اہمیت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ نئی نسل کی دینی بنیاد مضبوط کئے بغیر مستقبل کے چیلنجوں کا موثر مقابلہ ممکن نہیں ۔ حضرت نے ’’خیر الناس من ینفع الناس ‘‘ کے جذبے کے تحت تربیتی ورکشاپ اور خدمت خلق کے منصوبوں کو فروغ دینے کی بھی تلقین کی ۔ بعد ازا ںمقامی دانشوروں نے بھی موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا ۔ آخر میں اس تاریخی اجلاس کے روح رواں مولانا رضوان قاسمی صاحب نے مہمانوں ، دانشوروں اور شرکا حضرات کا شکریہ ادا کیا ۔اس اجلاس میں کثیر تعداد میں مقامی حضرات نے بھی شرکت فرمائی خصوصاً مدرسہ جامعہ صفحہ کے معزز اساتذہ مولانا عادل قاسمی ، مولانا معراج قاسمی ، مولانا ارشاد قاسمی وقاری مطلوب  قابل ذکر اور مولانا رستم ناظم مطبخ مدرسہ ہذا طلبا عزیز وغیرہ ۔ مولانا ناظم صاحب ناظم اعلیٰ جمعیۃ العلماء بہار بھی اپنی فکر ونظر کے ساتھ اول تا آخر اجلاس میں شریک رہے ۔ مولانا موصوف کی رقت آمیز دعائوں کے ساتھ ظہر کے وقت یہ تاریخی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ جمعیۃ العلماء کا یہ اجلاس جامعہ صفحہ نیو عظیم آباد کے تعلیمی سفر کا ایک روشن باب ثابت ہوا ۔