بہار نامہ

2027 کے تعطیل نامہ میں مسلم تہواروں کی چھٹیوں میں اضافہ کیا جائے: قمر مصباحی

پٹنہ، 6 نومبر (پریس ریلیز): بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) کے ریاستی صدر قمر مصباحی نے جمعہ کو بذریعہ ای میل اپنے مکتوب نمبر 25 ارسال کر کے ڈائریکٹر ثانوی تعلیم، محکمہ تعلیم پٹنہ سے سال 2027 کے لیے جاری ہونے والی سرکاری اسکولوں کی تعطیلاتی فہرست میں مسلم تہواروں کے موقع پر چھٹیوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مکتوب میں کہا گیا ہے کہ بہار ایک کثیر آبادی والی ریاست ہے جہاں لاکھوں مسلم طلبہ و طالبات سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں، نیز ہزاروں اردو و دیگر اساتذہ اپنے آبائی اضلاع سے سینکڑوں کلومیٹر دور تعینات ہیں۔ ایسے میں تہوار کے موقع پر ایک دن کی چھٹی ناکافی ہے۔اس لیے انہوں نے ڈائریکٹر ثانوی تعلیم پٹنہ سے عید الفطر کے لیے 2 دن، عید الاضحیٰ (بقرعید) کے لیے 3 دن کیونکہ شرعی نقطہ نظر سے قربانی کا سلسلہ 10 ذی الحجہ سے 12 ذی الحجہ تک یعنی تین دن تک چلتا ہے، اور یوم عاشورہ (محرم) کے لیے 2 دنوں کی چھٹی کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ، شب برات اور دیگر مسلم تہواروں کی پہلے سے موجود چھٹیوں کو برقرار رکھنے کا بھی مطالبہ کیا۔قمر مصباحی نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے دوسرے اور تیسرے دن بھی اسکولوں میں حاضری بہت کم رہتی ہے۔ ایسی صورت میں اسکول کھلا رہنا صرف کاغذی کارروائی بن جاتا ہے اور تعلیمی کیلنڈر متاثر ہوتا ہے۔اس لیے بہتر ہے کہ حکومت جاری ہونے والے تعطیل نامہ میں چھٹیوں میں اضافہ کرے۔ آخر میں انہوں نے محکمہ تعلیم کے ثانوی تعلیم کے ڈائریکٹر سے اس معاملے پر ہمدردانہ اور سنجیدہ غور و فکر کرنے کی اپیل کی ہے۔