بہار نامہ

درخواست دینے کے 30 دن کے اندر نئے راشن کارڈ بنائے جائیں گے: سمراٹ

ایک کروڑ نئے افراد کو راشن کارڈ سے جوڑنے کے ہدف کے تحت 23.75 لاکھ نئے مستحقین کو راشن کارڈ فراہم کیے گئے

پٹنہ: وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج گیان بھون میں محکمہ خوراک و صارفین تحفظ کے ذریعہ منعقدہ نئے راشن کارڈ اور مناسب قیمت کی دکانوں کے لائسنس تقسیم کرنے کے پروگرام کاشمع روشن کرکے افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے 23 لاکھ 75 ہزار نئے مستحقین میں راشن کارڈ تقسیم کیے اور 1448 نئی عوامی نظام تقسیم کی دکانوں کے لیے لائسنس فراہم کیے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے علامتی طور پر چند مستحقین کو اپنے ہاتھوں سے راشن کارڈ دیے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کے لیے یہ فخر کا لمحہ ہے کہ آج 23 لاکھ 75 ہزار نئے مستحقین کو راشن کارڈ اور 1448 نئی عوامی تقسیم کاری کی دکانوں کے لیے لائسنس تقسیم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر تمام مستحقین کو مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کا عزم ہے کہ بہار کا کوئی بھی غریب بھوکا نہ رہے اور کوئی بھی اہل خاندان سرکاری اسکیموں کے فوائد سے محروم نہ رہے۔ غریبوں کی زندگی میں خوشحالی لانا اور انہیں عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ لوگوں کی زندگیوں میں خوشحالی آنے سے ہی وزیراعظم محترم جناب نریندر مودی جی کے ترقی یافتہ ہندوستان اور سابق وزیراعلیٰ محترم جناب نتیش کمار جی کے خوشحال بہار کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے غریب اور ضرورت مند خاندانوں کو غذائی تحفظ فراہم کرنے کی سمت میں اہم اقدامات کیے ہیں۔ اب تک ریاست میں 23.75 لاکھ نئے راشن کارڈ بنائے جا چکے ہیں اور 1,448 نئی عوامی نظام تقسیم کی دکانیں شروع کی گئی ہیں۔ فی الحال بہار میں مجموعی طور پر 2.09 کروڑ راشن کارڈ جاری کیے گئے ہیں، جن سے تقریباً 8.46 کروڑ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک و صارفین تحفظ کو ایک کروڑ نئے افراد کو راشن کارڈ سے جوڑنے کا ہدف دیا گیا تھا۔ اس سمت میں اب تک تقریباً 24 لاکھ افراد کو جوڑا جا چکا ہے۔ اب بھی جو اہل خاندان راشن کارڈ سے محروم ہیں، وہ درخواست دیں۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اہل درخواست دہندگان کو درخواست دینے کے 30 دن کے اندر نیا راشن کارڈ فراہم کر دیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب لوگوں کے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے راشن کارڈ بنائے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی صحت کے تحفظ کے لیے غریب خاندانوں کو آیوشمان بھارت اسکیم سے جوڑا جا رہا ہے۔ غریبوں کے لیے دیگر اہم فلاحی اسکیمیں بھی چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے غریب خاندانوں کو مفت اناج فراہم کرنے کے انتظام کے لیے وزیراعظم محترم جناب نریندر مودی جی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت غریبوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ بہار کے تمام خاندانوں کو 125 یونٹ مفت بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ حکومت کا بنیادی مقصد غریبوں کی خدمت کرنا اور ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔انہوں نے پنچایت دیوس کے موقع پر منعقدہ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ کے آخری اتوار کو پنچایت دیوس پروگرام منعقد کیا جاتا ہے۔ تمام عوامی نمائندوں اور افسران سے اپیل ہے کہ وہ مہم چلا کر راشن کارڈ سے محروم اہل افراد کے نام شامل کرنے کی پہل کریں۔انہوں نے کہا کہ ’سیوا سنکلپ اور کایاکلپ مہم‘ کے تحت دیہی علاقوں کی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کام کیا جانا ہے۔ صحت مراکز، اسکولوں، آنگن باڑی مراکز، کمیونٹی ہالوں، چھٹھ گھاٹوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔ پنچایت کی سطح پر ہی ضرورت مند افراد کی شناخت کرکے انہیں حکومت کی تمام فلاحی اسکیموں سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات کی صورتِ حال میں بہتری اور دیہی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے 22,000 کروڑ روپے کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
روزگار اور صنعتی ترقی پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں ایک کروڑ افراد کو سرکاری ملازمت اور روزگار فراہم کرنے کے ہدف پر کام کیا جا رہا ہے۔ ریاست میں صنعتوں کو فروغ دیا جا رہا ہے، تاکہ صنعتی سرگرمیوں میں توسیع ہو اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔حکومت کا عزم ہے کہ سال 2030 تک ایسا نظام تیار کیا جائے، جس سے بہار کے لوگوں کو روزگار کے لیے مجبوری میں دوسری ریاستوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ نوجوانوں کو اپنی ہی ریاست میں باعزت روزگار اور بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کسانوں کے مفادات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں دھان کی خریداری کا ہدف 50 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کے لیے مرکزی حکومت سے درخواست کی گئی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت مل سکے۔انہوں نے بزرگوں کی سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 80 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کو گھر پر ہی زمین اور جائیداد کی رجسٹریشن کی سہولت پہلے سے فراہم کی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں آئندہ سال سے 75 سال سے زائد عمر کے راشن کارڈ رکھنے والے بزرگوں کو ان کے گھروں پر ہی راشن  فراہم کرنے کا انتظام شروع کیا جائے گا۔ اس سے بزرگوں کو راشن حاصل کرنے کے لیے غیر ضروری پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی اس مہم میں سرگرم کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ایسے اہل خاندانوں تک یہ اطلاع پہنچائی جائے، جن کے ابھی تک راشن کارڈ نہیں بن سکے ہیں۔ سماج کے تمام طبقات کے تعاون سے یہ یقینی بنایا جا سکتا ہے کہ کوئی بھی ضرورت مند خاندان غذائی تحفظ کے حق سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کا بنیادی عزم ہے۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ ہر اہل خاندان تک فلاحی اسکیموں کا فائدہ پہنچے، ضرورت مندوں کو غذائی تحفظ حاصل ہو، بزرگوں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں اور بہار کے نوجوانوں کو اپنی ہی ریاست میں روزگار کے خاطر خواہ مواقع ملیں۔بہار کا کوئی بھی غریب بھوکا نہ رہے، اسی عزم کے ساتھ ریاستی حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ ہماری حکومت ایک ایک غریب کی فکر کرتی ہے۔ وزیراعظم محترم جناب نریندر مودی جی اور سابق وزیراعلیٰ محترم جناب نتیش کمار جی ہمیشہ غریبوں کی فلاح و بہبود کی فکر کرتے ہیں، اسی لیے غریب بھی ان کا ساتھ دیتے ہیں۔ غریبوں کو ان کا حق ملے اور ان کی ترقی ہو، ہم سب یہی چاہتے ہیں۔
پروگرام کے دوران محکمہ خوراک و تحفظِ صارفین کے کاموں پر مبنی ایک مختصر فلم بھی دکھائی گئی۔
پروگرام سے نائب وزیراعلیٰ جناب وجے کمار چودھری، وزیر خوراک و صارفین تحفظ جناب اشوک چودھری اور محکمہ خوراک وِتحفظ صارفین کے سکریٹری جناب ابھے کمار سنگھ نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کے سکریٹری مسٹر سنجے کمار سنگھ سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور معززین موجود تھے، جبکہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ اور مستفیدین بھی پروگرام سے منسلک تھے۔