اورنگ آباد کے دیو کارتک چھٹھ میلے کے انعقاد کے لیے 45 لاکھ روپے کی منظوری
پٹنہ (یو این آئی) محکمہ محصولات و اراضی اصلاحات نے اورنگ آباد ضلع کے مشہور دیو کارتک چھٹھ میلہ 2026 اور نوینگر بلاک میں واقع سوریہ راگھو مندر، بڈیم میں منعقد ہونے والے کارتک چھٹھ میلہ 2026 کی تیاریوں اور انتظامات کے لیے مجموعی طور پر 55 لاکھ روپے کی منظوری دی ہے۔ دیو کارتک چھٹھ میلے کے انعقاد کے لیے 45 لاکھ روپے جبکہ سوریہ راگھو مندر، بڈیم کے میلے کے لیے 10 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں محکمہ محصولات و اراضی اصلاحات کے ایڈیشنل سکریٹری امیت کمار پانڈے کی جانب سے منظوری کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ محصولات و اراضی اصلاحات کے وزیر ڈاکٹر دلیپ کمار جیسوال نے کہا کہ بہار کی ثقافتی اور مذہبی روایات میں چھٹھ کے عظیم تہوار کو خصوصی مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیو کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کے باعث یہاں منعقد ہونے والے کارتک چھٹھ میلے میں ریاست کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند پہنچتے ہیں۔ ریاستی حکومت کی کوشش ہے کہ عقیدت مندوں کو میلے کے دوران بہتر سہولیات، آمدورفت کے آسان ذرائع اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی قیادت میں ریاستی حکومت مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اہمیت کے حامل پروگراموں کو بہتر انداز میں منعقد کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیو کارتک چھٹھ میلہ بہار کی مذہبی شناخت اور ثقافتی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے۔ میلے کے منظم انعقاد سے عقیدت مندوں کو سہولت ملنے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
منظوری کے حکم نامے کے مطابق، منظور شدہ رقم کا استعمال صرف متعلقہ میلے کے انعقاد اور اس سے وابستہ انتظامات پر کیا جائے گا۔ رقم خرچ کرنے کا عمل متعلقہ ایڈیشنل کلکٹر، ڈپٹی کلکٹر اراضی اصلاحات اور سرکل افسر کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ اس کی مکمل ذمہ داری متعلقہ کلکٹر، ایڈیشنل کلکٹر اور رقم نکالنے و خرچ کرنے کے مجاز افسر پر ہوگی۔رقم کی نکاسی بہار اسٹیٹ میلہ اتھارٹی کے لیے مقررہ بجٹ کے تحت کی جائے گی۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ منظور شدہ رقم کسی دوسرے کام کے لیے استعمال نہیں کی جا سکے گی اور اسے صرف مقررہ مقصد کے مطابق خرچ کرنا لازمی ہوگا۔
