بہار نامہ

11نومبر کو منعقد ہونے والے ’’مدارس اسلامیہ کنونش‘‘ کی تیاریوں کے جائزہ کے بعد اطمینان کا اظہار

پٹنہ، پریس ریلیز: ناظم امارت شرعیہ جناب مولانا مفتی محمد سعید الرحمٰن قاسمی صاحب کی صدارت میں مورخہ ۴؍ نومبر کو بعد نماز ظہر ایک جائزہ میٹنگ کا انعقاد میٹنگ ہال امارت شرعیہ میں ہوا، جس میں ۱۱؍ نومبر کو منعقد ہونے والے ’’مدارس اسلامیہ کنونشن‘‘ کی تیاریوں کے لئے منتخب کئے گئے ذمہ داروں کی شرکت ہوئی اور مختلف جہتوں سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ، تیاریو ں کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ناظم امارت شرعیہ نے کہا کہ اس اجلاس کے تعلق سے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ مسلسل فکر مند ہیں اور آپ کی طرف سے ضروری رہنمائیاں مل رہی ہیں ،اجلاس کی تیاری کے تعلق سے جن رفقاء کو جو ذمہ داریاں دی گئیںہیں رپورٹ سے محسوس ہوا کہ سب نہایت ہی مستعدی اور دلچسپی کے ساتھ اجلاس کو کامیاب اور بامقصد بنانےمیں سرگرم عمل ہیں ، انہوں نے کہا کہ مدارس کا وجود ملت اسلامیہ کے لئے دینی اعتبار سے زندگی اور موت کا درجہ رکھتا ہے ، ان مدارس کے ذریعہ نہ صرف علم دین کی روشنی ملتی ہے ؛بلکہ انہی مدارس کے ذریعہ تشخص کی بقاء و شریعت کی علمی و عملی حفاظت کا عظیم فریضہ انجام پاتا ہے ، اس وقت مدارس جن خطرات سے دو چار ہیں وہ کسی سے مخفی نہیں ، ملت کی ذمہ داری ہےکہ وہ ایسے موقع پر بیداری کا ثبوت دیں اور مدرسہ کی تعمیر و ترقی اور اس کے استحکام نیز اس کے روشن مستقبل کے لئے فکر مندی کا ثبوت دیں ۔ ناظم صاحب نے بہار،اڈیشہ ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے ذمہ داران مدارس ، علماء و ائمہ کرام ،امارت شرعیہ کی مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داران اور ملی درد رکھنے والے احباب سے گذارش کی ہے کہ وہ اس تاریخی اجلاس میں وقت کی پابندی کے ساتھ شریک ہوں اور اپنے امیر شریعت و دیگر اکابر علماء کی رہنمائی سے فائدہ اٹھائیں ۔ اجلاس کی تیاری اپنے آخری مرحلہ میں ہے ،بڑی تعداد میں مدعوئین کی آمد کی اطلاع مل رہی ہے ،جو یقیناً اس اجلاس کی کامیابی کے لئے فال نیک ہے ، آج کی جائزہ میٹنگ کا آغاز جناب مولانا عبداللہ انس قاسمی دارالقضاء امارت شرعیہ کی تلاوت سے ہوا ،نظامت نائب ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی نےکی اور صدر قاضی مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی ،قائم مقام مفتی مولانااحتکام الحق قاسمی ،نائب ناظم مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی ،نائب قاضی مولانا مفتی وصی احمد قاسمی ،مولانا سہیل اختر قاسمی و مولانا مجیب الرحمٰن دربھنگوی ،معاون ناظم مولانا قمرانیس قاسمی و مولانا احمد حسین قاسمی و مولانا ابوالکلام شمسی ،مولانا مفتی یحیٰ غنی و مولانا مفتی محمد تبریز عالم قاسمی دارالعلوم الاسلامیہ ،عرفان الحق و امتیاز صاحب بیت المال ،ہمایوں اشرف ہاسپیٹل ،مولانا ارشد رحمانی و مولانا شارق رحمانی وغیرہ میٹنگ میں شریک رہے ۔