اردو اکادمی کے 36ویں ڈراما فیسٹول کا آغاز،افتتاحی روز ’’امراؤ جان‘‘ کی دلکش اور متاثر کن پیشکش
نئی دہلی،پریس ریلیز،ہمارا سماج:ڈراما انسانی زندگی اور معاشرے کے مختلف رنگوں کو فنکارانہ انداز میں پیش کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ اس میں کہانی محض الفاظ تک محدود نہیں رہتی بلکہ کرداروں کی اداکاری، مکالموں اور حرکات و سکنات کے ذریعے اسٹیج پر ایک جیتی جاگتی تصویر بن کر ابھرتی ہے۔ اسٹیج ڈراما جہاں ناظرین کو تفریح فراہم کرتا ہے، وہیں انھیں انسانی جذبات، معاشرتی رویّوں اور تہذیبی اقدار سے بھی روشناس کراتا ہے۔ اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اردو اکادمی، دہلی گزشتہ 35 برسوں سے مسلسل اردو ڈراما فیسٹول کا انعقاد کرتی آ رہی ہے۔ اس سال بھی محکمۂ فن، ثقافت و السنہ، حکومتِ دہلی کے زیرِ اہتمام چھ روزہ 36واں اردو ڈراما فیسٹول 13 سے 18 نومبر 2026تک سری رام سینٹر، منڈی ہاؤس میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ فیسٹول کے دوران ہر روز شام ساڑھے چھ بجے ایک نیا اسٹیج ڈراما پیش کیا جائے گا۔ اس فیسٹول کا مقصد اردو زبان و ثقافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ اسٹیج ڈرامے کی روایت کو زندہ رکھنا اور عصری مسائل کو فنکارانہ انداز میں اجاگر کرنا بھی ہے۔ فیسٹول کی افتتاحی تقریب کی نظامت کے فرائض مالک اشتر نے انجام دیے۔ انھوں نے اپنے دلنشیں اور معلوماتی انداز میں اردو ڈرامے اور پارسی تھیٹر کی تاریخی روایت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسٹیج ڈراموں کی ادبی، تہذیبی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا۔ فیسٹول کے پہلے روز تھیٹر لیلا ایکٹنگ اسٹوڈیو اینڈ پرفارمنگ آرٹس سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ڈراما ’’امراؤ جان‘‘ پیش کیا گیا، جس کی ہدایت کاری ورون شرما نے کی۔ معروف ادیب مرزا ہادی رسوا کے شہرۂ آفاق ناول ’’امراؤ جان ادا‘‘ سے ماخوذ اس ڈرامے کا آغاز فلم ’’امراؤ جان‘‘ کے معروف نغمے ’’ان آنکھوں کی مستی کے مستانے ہزاروں ہیں‘‘ سے ہوا، جس نے ابتدا ہی میں محفل کو ایک دل کش اور رومانوی فضا سے آشنا کر دیا۔تقریباً بیس مناظر پر مشتمل اس میوزیکل ڈرامے میں پانچ مرکزی کرداروں کے علاوہ بیس سے زائد ضمنی کردار بھی شامل تھے۔ تمام فنکاروں نے اپنے اپنے کرداروں کو خوش اسلوبی اور مہارت کے ساتھ نبھایا اور کہانی کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔ ڈرامے میں موسیقی اور نغمات کو کہانی کے جذباتی اظہار کا اہم ذریعہ بنایا گیا تھا۔ محبت، درد، خوشی، غم اور احساسات کی مختلف کیفیات کو موسیقی کے ذریعے نہایت خوبصورتی سے پیش کیا گیا، جس سے ڈرامے کی مجموعی تاثیر میں اضافہ ہوا۔ ڈرامے کا ایک قابلِ ذکر پہلو یہ بھی تھا کہ امراؤ جان اپنے درد و غم، احساسات اور جذبات کے اظہار کے لیے اردو شاعری کا سہارا لیتی ہے۔ اس ضمن میں خواجہ حیدر علی آتش کی معروف غزل ’’یہ آرزو تھی تجھے گل کے روبرو کرتے‘‘ بھی نہایت خوبصورت انداز میں پیش کی گئی، جس نے ڈرامے کی ادبی فضا کو مزید مؤثر اور دلکش بنا دیا۔ شاعری اور موسیقی کے اس حسین امتزاج نے ڈرامے کے جذباتی اور تہذیبی پہلوؤں کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈرامے کی ایک نمایاں فنی خصوصیت فلیش بیک تکنیک کا استعمال تھا۔ جب امراؤ جان نواب صاحب کے سامنے اپنی گزشتہ زندگی اور بیتے ہوئے ایام کا ذکر کرتی ہے تو کہانی ماضی کی طرف منتقل ہو جاتی ہے اور اس کی زندگی کے سابقہ حالات مختلف مناظر کی صورت میں اسٹیج پر پیش کیے جاتے ہیں۔ اس تکنیک کو متعدد مقامات پر خوب صورتی سے برتا گیا، جس سے ماضی اور حال کے درمیان ایک مؤثر ربط قائم ہوا اور ناظرین امراؤ جان کی زندگی کے مختلف مراحل سے بتدریج واقف ہوتے چلے گئے۔
ڈرامے کی کہانی فیض آباد کی ایک کمسن لڑکی امیرن کے گرد گھومتی ہے، جو حالات کے جبر کے نتیجے میں اپنے خاندان سے جدا ہو کر لکھنؤ کے ایک کوٹھے تک پہنچ جاتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ وہ ’’امراؤ جان‘‘ کے نام سے شہرت حاصل کرتی ہے اور اپنی صلاحیتوں کے بل پر ایک باصلاحیت رقاصہ اور شاعرہ کے طور پر پہچانی جانے لگتی ہے۔ نواب سلطان سے اس کی محبت، جدائی، محرومی اور زندگی کی تلخ حقیقتیں کہانی کو جذباتی گہرائی عطا کرتی ہیں۔ اس کردار کے ذریعے عورت کی سماجی حیثیت، اس کی داخلی کشمکش اور معاشرتی ناانصافیوں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
مرزا ہادی رسوا کا ناول ’’امراؤ جان ادا‘‘ 1899 میں شائع ہوا تھا۔ یہ ناول محض ایک عورت کی داستان نہیں بلکہ اپنے عہد کے لکھنؤ کی تہذیب، معاشرت، زبان و بیان، موسیقی، رقص اور محفلوں کی زندگی کا بھی ایک اہم ادبی و تاریخی حوالہ ہے۔ اسٹیج پر اس ناول کی پیشکش میں موسیقی، اداکاری اور فلیش بیک جیسی فنی تکنیکوں کے امتزاج سے ایک معروف ادبی کردار کو نئی ڈرامائی صورت میں پیش کرنے کی کامیاب کوشش کی گئی۔
ڈرامے کے اختتام پر اسپیشل سکریٹری، محکمۂ فن، ثقافت و السنہ، حکومتِ دہلی اور سکریٹری اردو اکادمی جناب لیکھ راج نے ہدایت کار ورون شرما کو پودا پیش کرکے ان کی فنی کاوشوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس طرح فیسٹول کے پہلے روز ’’امراؤ جان‘‘ کی پیشکش نے اردو ادب کے کلاسیکی ورثے، لکھنؤ کی تہذیبی روایت اور اسٹیج ڈرامے کے فن کو ایک دلکش اور مؤثر انداز میں ناظرین کے سامنے پیش کیا۔
