بولنا تو پڑیگا:جب شہر میں سانس لینا بھی جان لیوا ہو جائے !
9968778671
یہ کیسی عجیب بات ہے کہ جس سانس پر انسانی زندگی کا انحصار ہو اسے لیتے ہوئے بھی انسان خوفزدہ ہو ؟ لیکن یہ آج کی سچائی ہے اور ان دنوں دہلی اور اسکے نواح میں رہنے والوں کا یہی حال ہے ۔ دہلی کی فضاؤں میں زہر اس قدر گھل چکا ہے کہ اب انسان کے زندہ رہنے پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ایمس کے ایک ڈاکٹر کا یہ جملہ کہ ’’حیرت اس بات پر ہے کہ ہم زندہ ہیں!‘‘ محض ایک طبیب کا اظہارِ تشویش نہیں، بلکہ ملک کے دارالحکومت کے حکمرانوں کے لیے ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب ان کے پاس ہونا چاہیے۔ آخر دہلی کے لوگوں نے ایسا کون سا جرم کیا ہے کہ انہیں ہر روز زہریلی ہوا میں سانس لینے کی سزا بھگتنی پڑ رہی ہے؟ یہ کیسی ترقی ہے، کیسا اسمارٹ شہر ہے اور کیسا عالمی دارالحکومت ہے جہاں صبح کی پہلی سانس تازگی کے بجائے بیماری کا پیغام لے کر آتی ہے؟ جہاں بچے، بوڑھے، خواتین، مریض اور صحت مند افراد سب ایک ہی آلودہ فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ کسی کو اس زہر کا اثر فوراً محسوس ہوتا ہے اور کسی کے جسم میں یہ خاموشی سے اپنا کام کرتا رہتا ہے۔ دہلی کی فضائی آلودگی اب موسمی مسئلہ نہیں رہی۔ یہ ایک مستقل انسانی بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ ہر سال سردیوں کے آتے ہی آسمان پر دھند کی چادر تن جاتی ہے، سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار کم ہو جاتی ہے، اسکول بند کرنے کی نوبت آتی ہے، تعمیراتی کاموں پر پابندیاں لگتی ہیں اور حکومتیں ہنگامی اجلاسوں میں مصروف ہو جاتی ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا آلودگی صرف سردیوں میں پیدا ہوتی ہے؟ اگر نہیں تو پھر اس کے مستقل حل کے لیے سال کے باقی مہینوں میں کیا کیا جاتا ہے؟آلودگی کے اس بحران میں دیوالی کے پٹاخوں کا حصہ اپنی جگہ، لیکن ساری ذمہ داری پٹاخوں یا پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں پر ڈال کر حکومتیں خود کو بری الذمہ نہیں کر سکتیں۔ گاڑیوں کا دھواں، صنعتی آلودگی، تعمیراتی سرگرمیوں کی دھول، کچرا جلانے کا عمل اور ناقص شہری منصوبہ بندی بھی اس زہر کے بڑے اسباب ہیں۔ سرد موسم اور ہوا کی کم رفتار ان آلودہ ذرات کو فضا میں روک دیتی ہے۔ یعنی مسئلہ کسی ایک دن، ایک تہوار یا ایک ریاست کا نہیں، پورے خطے کے ماحولیاتی انتظام کا ہے۔ یہ سوال بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ آخر دہلی میں رہنے والے عام شہریوں کا قصور کیا ہے؟ ایک مزدور جسے روزی کمانے کے لیے سڑک پر نکلنا ہے، ایک رکشہ ڈرائیور جس کا روزگار کھلی فضا میں ہے، ایک بچہ جسے اسکول جانا ہے، ایک بزرگ جسے علاج کے لیے اسپتال پہنچنا ہے، وہ سب اس زہریلی ہوا سے کیسے بچیں؟ کیا ان سب کے پاس اتنے وسائل ہیں کہ وہ اپنے گھروں میں ایئر پیوریفائر لگائیں، مہنگے ماسک خریدیں اور کئی دن تک گھروں میں بند رہیں؟ کیا صاف ہوا بھی اب صرف ان لوگوں کا حق رہ جائے گی جو اسے خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں؟سب سے افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ آلودگی کا شکار ہونے والے افراد کو احتیاط برتنے کے مشورے تو دیے جاتے ہیں، لیکن انہیں آلودگی سے محفوظ رکھنے کی ذمہ داری کون اٹھائے گا؟ ڈاکٹر کہہ رہے ہیں کہ صحت مند افراد بھی گلے کی خراش اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ایمس کے پلمونری میڈیسن کے پروفیسر ڈاکٹر وجے ہڈا کا بیان ہے کہ ان کے صحت مند ساتھی بھی مسلسل گلے میں جلن کی شکایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ انہیں حیرت ہے کہ ہم اب تک زندہ کیسے ہیں؟دہلی کی حکومت ہو یا مرکز کی حکومت، پنجاب اور ہریانہ کی حکومتیں ہوں یا آلودگی پر قابو پانے والے ادارے، سب کو اپنی اپنی ذمہ داری کا احتساب کرنا ہوگا۔ سیاسی بیان بازی، ایک دوسرے پر الزام تراشی اور پریس کانفرنسوں سے فضا صاف نہیں ہوگی۔ اس کے لیے سخت فیصلے، مستقل نگرانی، آلودگی کے ذرائع پر مؤثر کنٹرول اور پورے این سی آر کے لیے مشترکہ عملی منصوبہ درکار ہے۔اور آخر میں ایک سوال: اگر یہی فضائی آلودگی کسی وزیر، کسی افسر یا کسی بڑے صنعت کار کے گھر کے اندر تک پہنچ جائے، اگر ان کے بچوں کو بھی اسی زہریلی ہوا میں سانس لینا پڑے، تو کیا تب بھی حکومتوں کا ردعمل اتنا ہی سست ہوگا؟دہلی کے لوگ حکومت سے کوئی رعایت نہیں مانگ رہے، صرف اتنا چاہتے ہیں کہ انہیں زندہ رہنے کے لیے صاف ہوا مل جائے۔ کیا یہ مطالبہ بھی اب بہت بڑا مطالبہ ہوگیا ہے؟
