دہلی شہر

ریل بھون میں منایا گیا قبائلی گورو دیوس

افسران نے ملک کی آزادی کی جدوجہد میں بھگوان برسا منڈا کی خدمات کو یاد کیا

نئی دہلی (یواین آئی) ریل بھون میں جمعہ کو قبائلی گورو دیوس منایا گیا۔ اس موقع پر ریلوے کے افسران نے عظیم مجاہد آزادی اور قبائلی رہنما بھگوان برسا منڈا کو گلہائے عقیدت پیش کیے اور ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کی غیر معمولی خدمات کو یاد کیا۔اس موقع پر ریلوے افسران نے برطانوی نوآبادیاتی حکومت کے خلاف بھگوان برسا منڈا کی جرات مندانہ مزاحمت اور قبائلی برادریوں کے حقوق، وقار اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے تئیں ان کے غیر متزلزل عزم کو یاد کیا۔

قابل ذکر ہے کہ بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش کے موقع پر ہر سال 15 نومبر کو قبائلی گورو دیوس منایا جاتا ہے۔ قبائلی گورو دیوس کا اہتمام قبائلی مجاہدین آزادی کی بیش قیمت خدمات کی یاد دلاتا ہے اور ہندوستان کے مالا مال قبائلی ورثے کے تئیں قومی فخر، اتحاد اور احترام کے جذبے کو مضبوط کرتا ہے۔ پروگرام کا اختتام بھگوان برسا منڈا کے نظریات، بہادری اور ان کی لازوال وراثت کو اجتماعی خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔اس تقریب میں ریلوے بورڈ کے ممبر (ٹی آر ایس)، ممبر (فنانس) اور ممبر (انفرا) موجود تھے۔ اس موقع پر ریلوے بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)، سکریٹری اور وزارت ریلوے کے دیگر سینئر افسران اور ملازمین بھی موجود تھے۔