حوثی باغیوں کی جانب سے مکہ کے علاقے میں ڈرون مار گرائے جانے کے سعودی اتحاد کے دعوے کی تردید
صنعا (ایجنسیز ) یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ ان کی جانب سے بھیجا گیا ایک ڈرون مکہ کے علاقے میں روک کر تباہ کر دیا گیا۔ حوثی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ تنظیم نے جمعہ کو سعودی عرب کی سرزمین کی جانب کوئی فوجی کارروائی نہیں کی۔رپورٹ کے مطابق حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مکہ کے اوپر ڈرون کو روکنے سے متعلق سعودی اتحاد کے دعوے کو جھوٹا قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حوثی فورسز نے جمعہ کو سعودی عرب کی طرف کوئی فوجی آپریشن نہیں کیا۔
اس سے قبل سعودی قیادت والے اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر بیان جاری کرکے دعویٰ کیا تھا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے بھیجے گئے ایک ڈرون کو مکہ کے علاقے میں روک کر تباہ کر دیا گیا۔ تاہم انہوں نے اس واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان سرحد پار حملوں میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے حوثی کنٹرول والے علاقوں میں فضائی حملے کیے گئے ہیں، جبکہ حوثی باغیوں نے بھی سعودی عرب کی سمت میزائل اور ڈرون داغنے کی کارروائیاں کی ہیں۔
