افغانستان نے روس کے ساتھ 103 ملین ڈالر مالیت کے 15 تجارتی معاہدوں پر دستخط کر دیے
کابل ۔۔ ایم این این۔افغانستان نے اپنی تجارتی شراکت داریوں کو متنوع بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے روس کے ساتھ 103 ملین ڈالر مالیت کے 15 اقتصادی تعاون کے مفاہمت ناموں پر دستخط کیے ہیں۔ یہ پیش رفت کابل کے لیے ایک کلیدی تجارتی شراکت دار کے طور پر پاکستان کی پوزیشن کے لیے چیلنج بن سکتی ہے۔’سی این این-نیوز 18‘ کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق، ان معاہدوں میں دونوں ممالک کے درمیان اشیائے ضروریہ کا تبادلہ شامل ہے۔ ان معاہدوں کے تحت، افغانستان روس سے ادویات، گندم، آٹا اور خوردنی تیل درآمد کرے گا، جبکہ ماسکو افغانستان سے تازہ پھل، بالخصوص انار درآمد کرے گا۔ان 15 معاہدوں پر دستخط افغانستان کے نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور، ملا عبدالغنی برادر اور روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک کی موجودگی میں کیے گئے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغانستان متبادل تجارتی مواقع تلاش کر رہا ہے اور اپنے موجودہ تجارتی ذرائع سے ہٹ کر اقتصادی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کی کوشش میں ہے۔’دی ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کی رپورٹ کے مطابق، الیکسی اوورچک جمعرات کو کابل پہنچے، جہاں وہ افغانستان کی طالبان حکومت کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری پر بات چیت کے لیے ایک روسی وفد کی قیادت کر رہے تھے۔اس وفد میں درجنوں روسی کمپنیوں کے 70 سے زائد کاروباری نمائندے شامل تھے؛ ان میں وہ کمپنیاں بھی تھیں جو پہلے ہی افغانستان میں کام کر رہی ہیں اور وہ بھی جو اس مارکیٹ میں داخل ہونے کی خواہشمند ہیں۔اوورچک نے افغانستان کے وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند اور ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق، افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی ملا اخوند کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات میں شریک تھے۔روس کی خبر رساں ایجنسی ’انٹرفیکس‘ نے اوورچک کے حوالے سے بتایا کہ ماسکو افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔انٹرفیکس کے مطابق، انہوں نے کہا کہآج ہمارے وفد میں درجنوں روسی کمپنیوں کی نمائندگی کرنے والے 70 سے زائد کاروباری افراد شامل ہیں، جن میں سے کئی پہلے ہی افغانستان میں کام کر رہے ہیں، جبکہ بہت سے یہاں کام شروع کرنے کے خواہشمند ہیں۔مذاکرات کے دوران، ملا عبدالغنی برادر نے افغانستان کے اسٹریٹجک محل وقوع، قدرتی وسائل اور 24 ملین (2 کروڑ 40 لاکھ( افراد پر مشتمل افرادی قوت (کام کرنے کی عمر کے لوگ) کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے روسی کمپنیوں کو معدنیات کے نکالنے، فیکٹریوں کے قیام، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ملا برادر نے روسی منڈیوں میں افغان مصنوعات کی رسائی بڑھانے اور نقل و حمل (ٹرانسپورٹیشن( و ٹرانزٹ کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے تعاون پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ، ریلوے اور سڑکوں کی تعمیر کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اوورچوک نے بتایا کہ وفد میں شامل روسی کمپنیاں نقل و حمل، لاجسٹکس، زراعت اور دواسازی کے شعبوں سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے روسی کھادوں میں افغانستان کی دلچسپی کا بھی ذکر کیا، جس میں ملک کے اندر ہی کھاد کی پیداواری تنصیبات (پلانٹس( قائم کرنے کا امکان بھی شامل ہے۔
