قومی خبریں

 آمنے سامنے کی بحث کے بعد مودی وزیراعظم نہیں رہ پائیں گے: راہل

نئی دہلی،  (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر آمنے سامنے کی بحث کا چیلنج دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگر مسٹر مودی ان کے ساتھ بحث کے لیے سامنے آتے ہیں تو اس کے بعد وہ وزیراعظم نہیں رہ پائیں گے۔مسٹر گاندھی نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پارلیمنٹ میں بحث کی بات کر رہی ہے، لیکن جب بھی انہوں نے پارلیمنٹ میں بحث کرنے کی کوشش کی، ان کا مائیک بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسان بل، ووٹ چوری، خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر)، چین، جنرل نرونے کی کتاب اور ایپسٹین کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بات نہیں کرنے دی گئی۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ وہ تقریروں والی بحث نہیں چاہتے بلکہ وزیراعظم کے ساتھ آمنے سامنے کی بحث چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک میز کے ایک طرف مسٹر مودی اور دوسری طرف وہ خود بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ان پر الزامات لگا رہے ہیں اور وہ بھی وزیراعظم پر الزامات لگانا چاہتے ہیں۔مسٹر گاندھی نے کہا، ”آپ ادھر اڈانی جی کو جج بنانا چاہتے ہو، موہن بھاگوت کو بنانا چاہتے ہو، وہ سب ٹھیک ہے، مگر میں گارنٹی دے رہا ہوں کہ ون آن ون ڈبیٹ کے بعد وزیراعظم، وزیراعظم نہیں رہ پائیں گے۔’