بی ایس این ایل-ایم ٹی این ایل کے 1300 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مونیٹائزیشن کی نئی تجاویز پر غور
نئی دہلی، (یو این آئی) سرکاری کمپنیوں کے اثاثوں کی مونیٹائزیشن کرنے والی ایجنسی ‘نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن لمیٹڈ’ (این ایل ایم سی) نے سرکاری ٹیلی کام کمپنیوں بی ایس این ایل اور ایم ٹی این ایل کے اثاثوں کی مونیٹائزیشن کی نئی تجاویز پر غور کیا ہے۔این ایل ایم سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے بدھ کو یہاں منعقدہ اجلاس میں دیگر امور کے ساتھ بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) اور مہانگر ٹیلی فون نگم لمیٹڈ (ایم ٹی این ایل) کے اثاثوں کی مونیٹائزیشن اور ویلیوایشن کی تجاویز پر غور و خوض ہوا۔ ان جائیدادوں کی مجموعی تخمینی مالیت تقریباً 1,300 کروڑ روپے ہے۔ مقررہ سرکاری طریقہ کار کے مطابق ان کی مونیٹائزیشن کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
وزارتِ خزانہ نے جمعرات کو بتایا کہ یہ تجویز ان 9000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے علاوہ ہیں، جن کی مونیٹائزیشن این ایل ایم سی نے رواں مالی سال کے دوران کی ہے۔اجلاس میں حکومت سے حکومت (جی 2 جی) لین دین، این ایل ایم سی کی ملکیت والی جائیدادوں کی مونیٹائزیشن، حال ہی میں منعقدہ ای-نیلامی کے نتائج اور کارپوریشن کو ادارہ جاتی طور پر مضبوط کرنے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور سرکاری تنظیموں کی جائیدادوں کی مونیٹائزیشن میں مدد کرنے کے علاوہ، این ایل ایم سی اپنے ذاتی اثاثوں کو بھی بازار میں لا رہا ہے۔ بورڈ نے نئی دہلی اور ممبئی میں واقع این ایل ایم سی کی ملکیت والی 17 رہائشی جائیدادوں کی ویلیوایشن کی رپورٹوں پر غور کیا۔ بورڈ کو 12 اکتوبر اور 3 نومبر 2026 کو وشاکھاپٹنم میں راشٹریہ اسپات نگم لمیٹڈ کی جانب سے این ایل ایم سی کے زیر اہتمام منعقدہ دو ای-نیلامیوں کے کامیاب نتائج کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
