یو پی میں بجا انتخابی جنگ کا بِگُل ،ایس پی کا مینی فیسٹو جاری
پی ڈی اے کے سماجی انصاف کے ایجنڈے کے ساتھ کسانوں، خواتین، نوجوانوں اور اقلیتوں کو لبھانے کی کوشش، ذات پر مبنی مردم شماری اور پرانی پنشن اسکیم کی بحالی کا بھی وعدہ
لکھنؤ، 26 نومبر،سماج نیوز سروس:اتر پردیش میں 2027 کے اسمبلی انتخابات کی سیاسی سرگرمیوں کے درمیان سماجوادی پارٹی نے آج آئین کے یومِ تاسیس کے موقع پر اپنا انتخابی منشور جاری کردیا۔ پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے لکھنؤ میں سینئر پارٹی رہنماؤں کی موجودگی میں منشور پیش کیا۔ ’’جن من کا مینی فیسٹو‘‘ اور ’’ستائیس کا سنکلپ: پی ڈی اے کا پرن پتر‘‘ کے عنوان سے جاری اس منشور میں خواتین، نوجوانوں، کسانوں، پسماندہ طبقات، دلتوں اور اقلیتوں کو خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ سماجوادی پارٹی نے اپنے انتخابی وعدوں کے ذریعے ایک طرف نوجوانوں کے روزگار اور خواتین کی معاشی خودمختاری کو موضوع بنایا ہے تو دوسری طرف سماجی انصاف اور پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیت) کے سیاسی ایجنڈے کو بھی مرکز میں رکھا ہے۔منشور کے اہم اعلانات میں خواتین کو سالانہ 40 ہزار روپے کی مالی امداد دینے، پانچ برسوں میں 25 لاکھ سرکاری نوکریاں فراہم کرنے اور روزگار سے محروم گریجویٹ نوجوانوں کو ملازمت ملنے تک ہر ماہ 5 ہزار روپے بے روزگاری الاؤنس دینے کا وعدہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ خود روزگار شروع کرنے کے خواہش مند نوجوانوں کو 2 لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔کسانوں کے لیے سماجوادی پارٹی نے زرعی قرض معافی اسکیم فوری طور پر نافذ کرنے، کھیتی کے لیے مفت بجلی فراہم کرنے اور دیہی گھریلو صارفین کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا ہے۔ پارٹی نے 23 زرعی فصلوں اور دودھ کے لیے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت دینے کی بات بھی کہی ہے۔ دیہی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا وعدہ منشور کا ایک اہم حصہ ہے۔سرکاری ملازمین کو متوجہ کرنے کے لیے پارٹی نے پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) بحال کرنے اور ملازمین کی سبکدوشی کی عمر 60 سے بڑھا کر 65 سال کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ دوسری جانب اگنی ویر اسکیم کے تحت فوج میں بھرتی ہونے والے ان نوجوانوں کو سرکاری ملازمت دینے کی بات کہی گئی ہے جو مستقل کمیشن حاصل نہیں کر سکیں گے۔تعلیم اور نوجوانوں کے مستقبل کے حوالے سے منشور میں امتحانات میں پیپر لیک ہونے کے خلاف سخت قانون بنانے، سرکاری بھرتیوں کا سالانہ کیلنڈر جاری کرنے اور امتحانات کو مقررہ وقت پر منعقد کرانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ نویں جماعت اور اس سے اوپر کی طالبات کو سائیکل اور شمسی توانائی سے چلنے والا لیمپ دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ طلبہ کو میٹرو میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔سماجی انصاف کے محاذ پر سماجوادی پارٹی نے ذات پر مبنی مردم شماری کرانے اور پی ڈی اے طبقات کو سرکاری ٹھیکوں میں 50 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا ہے۔ دلتوں، پسماندہ طبقات، اقلیتوں، مسلمانوں، خواتین اور بچوں کے خلاف سنگین جرائم کے معاملے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ غریب خاندانوں کے لیے 10 لاکھ روپے تک کے طبی تحفظ اور ضرورت مندوں کے لیے سستے کھانے کی سہولت جیسے وعدے بھی منشور میں شامل ہیں۔اکھلیش یادو نے منشور کے اجرا کے موقع پر بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اچھے دن تو نہیں آئے، لیکن اب برے دن جانے والے ہیں۔ ان کا اشارہ واضح طور پر ریاست کی موجودہ بی جے پی حکومت کی جانب تھا۔سیاسی مبصرین کے نزدیک سماجوادی پارٹی کا یہ منشور محض انتخابی وعدوں کی فہرست نہیں بلکہ 2027 کے اسمبلی انتخابات کے لیے اس کی سیاسی حکمت عملی کا بھی اظہار ہے۔ پارٹی پی ڈی اے کے اپنے بنیادی سماجی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے خواتین اور نوجوان ووٹروں تک اپنی رسائی بڑھانا چاہتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بی جے پی ان اعلانات کا جواب کس طرح دیتی ہے اور انتخابی میدان میں سماجوادی پارٹی کے ان وعدوں کو عوام کی کتنی حمایت حاصل ہوتی ہے۔
