قومی خبریں

جموں ڈویژن کے بھوگ پور سروال-پٹھانکوٹ کینٹ سیکشن میں ریلوے کی بڑی کامیابی

کنڈوری-پٹھانکوٹ کینٹ کے درمیان واقع ریلوے پل نمبر 232 پر 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گزرنے لگیں ٹرینیں

جموں(یواین آئی) جموں ڈویژن کے بھوگ پور سروال-پٹھانکوٹ کینٹ سیکشن کے کنڈوری-پٹھان کوٹ کینٹ کے درمیان واقع ریلوے پل نمبر 232 پر 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینیں گزرنے لگی ہیں۔شمالی ریلوے نے جموں ڈویژن کے لیے اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھوگ پور سروال-پٹھانکوٹ کینٹ سیکشن کے کنڈوری-پٹھانکوٹ کینٹ کے درمیان واقع ریلوے پل نمبر 232 پر عائد کی گئی رفتار کی حد میں چھوٹ دی گئی ہے۔
سرکاری معلومات کے مطابق، 2024 کے شدید سیلاب میں اس پل کی حفاظتی دیواریں متاثر ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے یکم اگست 2024 سے اپ اور ڈاؤن دونوں لائنوں پر 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی حد نافذ کر دی گئی تھی۔ اس سال کے سیلاب کے دوران، حفاظتی وجوہات کی بناء پر اس رفتار کی حد کو بدل کر ‘مکمل طور پر رکنے’ اور 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دیا گیا تھا، جسے بعد میں آہستہ آہستہ بڑھا کر 20 کلومیٹر فی گھنٹہ اور پھر 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ 2026 میں بھی اس پل پر 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی حد نافذ رہی۔ انہوں نے بتایا کہ 2025 کے سیلاب کے بعد، سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے اس جگہ پر وسیع مرمت اور تعمیرِ نو کا کام کیا گیا تھا۔ اس کے تحت، پل کی بنیاد کو مستقل طور پر مستحکم کرنے کے لیے، جالندھر کی طرف ‘مین سی لیول’ (سطحِ سمندر) سے 309 میٹر کی بلندی تک ایک آر ایس دیوار کی تعمیر کی گئی۔ جموں کے سینئر ریجنل انجینئر شبھم پوار کی قیادت میں ان تکنیکی اور ڈھانچہ جاتی کاموں کے کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے کے بعد، تقریباً ڈھائی سے تین سال میں پہلی بار اس پل پر ٹرینوں کی رفتار کی حد بڑھا کر 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اہم کام کے مکمل ہونے سے ٹرینوں کی باقاعدہ آمد و رفت میں وقت کی پابندی میں بہتری آئے گی۔