نجی شعبے کے ملازمین کی پنشن میں جلد اضافے کی مانڈویہ نے کرائی یقین دہانی
نئی دہلی، (یواین آئی) مرکزی وزیر محنت و روزگار منسکھ مانڈویہ نے نجی شعبے کے ملازمین کی پنشن میں اضافے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔ای پی ایس۔95 نیشنل سنگھرش سمیتی (این اے سی) کے صدر کمانڈر اشوک راوت نے جمعرات کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے مثبت یقین دہانی ضرور ملی ہے، لیکن اسے حتمی کامیابی نہیں سمجھا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک بڑھی ہوئی پنشن پنشن یافتگان کے کھاتوں میں جمع نہیں ہو جاتی۔
مسٹر راوت نے این اے سی کی جانب سے تحریک جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آئندہ پروگرام بھی جاری رہیں گے۔ کمیٹی کے مطابق 28 نومبر کو وارانسی، 29 نومبر کو رانچی، 2 دسمبر کو لدھیانہ اور 3 دسمبر کو دہرہ دون میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے بعد 4 دسمبر کو پریس کانفرنس ہوگی۔ 7 اور 8 دسمبر کو رام لیلا میدان میں بڑے پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔
ای پی ایس۔95 پنشن یافتگان نے بدھ کو نئی دہلی کے ایسٹ قدواِئی نگر میں واقع ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کے ہیڈکوارٹر کے باہر مظاہرہ کیا۔ سینکڑوں پنشن یافتگان نے مہنگائی بھتے (ڈی اے) کے ساتھ کم از کم ماہانہ پنشن 7,500 روپے کرنے اور طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ صبح تقریباً 10 بجے شروع ہونے والے اس مظاہرے میں پنشن یافتگان نے اپنے طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات کے حق میں آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے درمیان موجودہ پنشن کی رقم سے گزارا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
مظاہرے کی قیادت مسٹر راوت نے کی۔ مظاہرے کے دوران ہی سی پی ایف سی کے توسط سے مسٹر مانڈویہ کا پیغام پہنچا۔ اس کے بعد مسٹر مانڈویہ نے چار رکنی وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں کمانڈر اشوک راوت، قومی جنرل سکریٹری ویریندر سنگھ راجاوت ، قومی میڈیا انچارج راجیو بھٹناگر اور گجرات کے رہنما ستیش شکلا شامل تھے۔
مسٹر مانڈویہ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مطالبات پر کام کر رہی ہے اور اس کے لیے ضروری تیاریاں بھی تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔ وفد نے ڈی اے کے ساتھ کم از کم 7,500 روپے پنشن اور 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے پنشن یافتگان کو آیوشمان بھارت یا اسی طرح کی صحت اسکیم کے تحت طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مسٹر مانڈویہ نے مطالبات جلد پورے کرنے کی سمت مثبت رویہ ظاہر کیا۔
