وزیراعظم مودی کی دیوالی پر مبارک باد ،خوشحال اور وکست بھارت کی تعمیر کے عزم پر زور
نئی دہلی (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز دیوالی کے موقع پر ملک کے شہریوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے روشنی کی تاریکی پر، نیکی کی برائی پر اور امید کی مایوسی پر لازوال فتح کا تہوار قرار دیا اور لوگوں سے خوشحال اور وکست بھارت کی تعمیر کے لیے نئے جوش اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی اپیل کی۔
اس مبارک موقع پر اپنے ہم وطنوں کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دیوالی ہندوستانی تہذیب کی ابدی اقدار کی نمائندگی کرتی ہے اور ملک کے شاندار ثقافتی ورثے کو سراہنے کے ساتھ ساتھ باہمی اتحاد کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا، ”دیوالی کے اس مقدس موقع پر آپ سب کو دلی مبارکباد!” انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہر گھر کو خوشی، ہم آہنگی اور خوشحالی کی روشنی سے منور کرے گا۔
تہوار کی گہری اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ دیوالی مثبت سوچ، نیکی اور اجتماعی ذمہ داری کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جشن لوگوں کو مہربانی پھیلانے، امید پسندی اپنانے اور ایک روشن مستقبل کی تعمیر میں اپنا تعاون دینے کی ترغیب دے گا۔انہوں نے کہا، ”آئیے، ہم خوشحال اور وکست بھارت کی تعمیر کے لیے نئے جوش اور پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھیں،” اور ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے اپنے وژن کا اعادہ کیا۔
دیوالی ہندوستان کے سب سے زیادہ منائے جانے والے تہواروں میں سے ایک ہے، جسے ملک بھر میں اور دنیا کے مختلف حصوں میں آباد ہندوستانی برادریاں بھی مناتی ہیں۔ ہندو روایت میں اس تہوار کو بھگوان رام کی 14 برس کی جلاوطنی کے بعد ایودھیا واپسی اور راون پر ان کی فتح سے منسوب کیا جاتا ہے۔اس موقع پر دیے روشن کیے جاتے ہیں، پوجا کی جاتی ہے، خاندان کے افراد اکٹھا ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد اور تحائف پیش کیے جاتے ہیں، جو تاریکی پر روشنی کی فتح اور امید کی تجدید کی علامت ہے۔
