منافع وصولی کے لیے فروخت کے دباؤ سے شیئربازارکی تیزی سست پڑی
ممبئی، (یو این آئی) مقامی شیئر بازاروں میں جمعرات کو آئی ٹی، آٹو اور روزمرہ کے صارفین کی اشیاء بنانے والی کمپنیوں کے شیئرز میں منافع وصولی کی فروخت کے دباؤ کے باوجود تیزی برقرار رہی اور اہم انڈیکس ہلکے اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔روپے کی شرح تبادلہ میں معمولی گراوٹ سے مارکیٹ کا رجحان متاثر دکھائی دیا، لیکن خام تیل کی قیمتوں میں نرمی کا مارکیٹ پر سازگار اثر پڑا۔ بینکنگ اور مالیاتی شعبے کے شیئرز کے لیے سرمایہ کاروں کی حمایت نے بھی مارکیٹ کو سنبھالے رکھا۔ محدود دائرے کے کاروبار میں بی ایس ای 30 سینسیکس 31.61 پوائنٹس یعنی 0.04 فیصد کے ہلکے اضافے کے ساتھ 81,911.01 پر بند ہوا۔ کل مارکیٹ 81,879.40 پر بند ہوئی تھی۔ سینسیکس صبح گراوٹ کے ساتھ 81,762.27 پر کھلنے کے بعد صبح 11 بجے تک تیزی پر تھا۔ کاروبار کے دوران یہ اوپر میں 82,325.61 اور نیچے میں 81,576.15 تک گیا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 50 بھی 44.30 پوائنٹس (0.18 فیصد) کے ہلکے اضافے سے 25,299.35 پر بند ہوا۔ نفٹی 25,213.50 پر کھل کر اوپر میں 25,384.80 اور نیچے میں 25,142.95 تک گیا۔
سینسیکس کے 30 میں سے ایک تہائی شیئرز آج منافع میں اور دو تہائی گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ منافع میں رہنے والے شیئرز میں بجاج فنانس 3.32 فیصد، ایس بی آئی 2.34 فیصد اور آئی سی آئی سی آئی بینک 1.17 فیصد منافع میں رہے۔ اڈانی پورٹس، بجاج فِن سرو، ایٹرنل، ایچ ڈی ایف سی بینک اور کوٹک بینک بھی فائدے میں رہے۔ ہندوستان لیور میں سب سے زیادہ 2.92 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔ ماروتی 1.65 فیصد ٹوٹ گیا۔ ٹی سی ایس، مہندرا اینڈ مہندرا، آئی ٹی سی، پاور گرڈ، ٹائٹن اور این ٹی پی سی جیسے اہم شیئرز بھی خسارے میں بند ہوئے۔
بجاج بروکنگ کے ریسرچ ڈویژن کے ڈپٹی وائس پریزیڈنٹ پبترو مکھرجی نے کہا، “ہفتہ وار سینسیکس ڈیریویٹیو کنٹریکٹس کی تاریخ ختم ہونے کا دن جمعرات کو ہوتا ہے۔ اس کے درمیان مقامی مارکیٹ میں اہم انڈیکس میں اتار چڑھاؤ بھرا کاروبار دیکھنے کو ملا۔ روپے میں معمولی گراوٹ نے مارکیٹ کے رجحان پر دباؤ ڈالا۔ تاہم، ایف آئی آئی (غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں) کی مسلسل خریداری اور برینٹ کروڈ کی قیمت 92 ڈالر فی بیرل سے نیچے بنے رہنے کی وجہ سے مارکیٹ کا وسیع تر رجحان مثبت رہا۔ سرمایہ کار مہنگائی کے اہم اعداد و شمار سے پہلے محتاط نظر آئے۔”
جیو جیت انویسٹمنٹس کے ریسرچ ہیڈ ونود نائر نے کہا، “آج مقامی مارکیٹوں میں کاروبار تقریباً کل کے سطح پر مستحکم رہا۔ مالیاتی اور ریئلٹی شیئرز میں خریداری نے آئی ٹی، ایف ایم سی جی اور آٹوموبائل شیئرز میں حالیہ تیز اچھال کے بعد ہوئی منافع وصولی کے اثرات کو متوازن کیا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مضبوط خریداری مارکیٹ کو مسلسل تعاون فراہم کرتی رہی۔ اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ سرمایہ کار وسیع پیمانے پر انڈیکس میں خریداری کرنے کے بجائے بڑے شیئرز، بالخصوص مالیاتی شعبے کے شیئرز کی طرف رخ کر رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود مڈ کیپ اور اسمال کیپ شیئرز نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جو اہم انڈیکس میں محدود تیزی کے باوجود مارکیٹ میں خطرہ مول لینے کی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی خواہش کو ظاہر کرتا ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں نرمی سے معاشی محاذ پر راحت ملی۔ تاہم، عالمی ٹیکنالوجی شیئرز میں اتار چڑھاؤ اور امریکہ میں توقع سے زیادہ مہنگائی کے اعداد و شمار کی وجہ سے عالمی بانڈ ییلڈ اور شرح سود کو لے کر غیر یقینی صورتحال بنی رہی۔ اس سے مارکیٹ میں وسیع تیزی کے امکانات محدود رہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق گھریلو سطح پر سرمایہ کاروں کی نظریں ہندستان کے ماہ اکتوبر کے خوردہ مہنگائی کے اعداد و شمار پر تھیں۔ ستمبر میں مہنگائی کی اونچی سطح کے بعد غذایی اشیاء کی قیمتوں کا رجحان انتہائی اہم ہوگا۔ مارکیٹ بند ہونے کے بعد جاری سرکاری اعداد و شمار میں خوردہ مہنگائی کی شرح اکتوبر میں بڑھ کر 6.09 فیصد پر پہنچ گئی جو ریزرو بینک کے 2 سے 6 فیصد کے ہدف کے دائرے سے اوپر ہے۔
جیو جیت انویسٹمنٹس کے نائر نے کہا کہ قریبی مدت میں مارکیٹ کا رخ مخصوص شیئرز کے تئیں مثبت رہ سکتا ہے۔ تاہم، مارکیٹ کی آئندہ سمت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مسلسل خریداری، مہنگائی کے رجحان اور اس بات پر منحصر ہوگی کہ مالیاتی شعبے کے شیئرز میں تیزی کا دائرہ بڑھتا ہے یا نہیں اور کیا شیئرز کی قیمتیں ضرورت سے زیادہ مہنگی ہونے سے بچتی ہیں۔
