ہندوستان اور نیپال کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز
ایودھیا اور جنک پور بین الاقوامی ٹرین سروس کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہو گئے
نئی دہلی/ایودھیا، (یواین آئی) بھگوان رام کی نگری ایودھیا اور ماتا جانکی کی جائے پیدائش جنک پور دھام پیر کو بین الاقوامی ٹرین سروس کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہو گئے۔وزیر اعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ نے ہندوستان اور نیپال کے تعلقات میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے ایودھیا سے نیپال کے جنک پور کے درمیان مسافر ٹرین سروس کا مشترکہ طور پر افتتاح کیا۔اس موقع پر مسٹر مودی نے کہا کہ نیپال کے بغیر ہندوستان کے دھام اور رام دونوں ادھورے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے یہاں حیدرآباد ہاؤس میں وفود کی سطح کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کی موجودگی میں اپنے بیانات سے قبل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بھگوان رام چندر کی جائے پیدائش ایودھیا کو سیتا جی کی جائے پیدائش سے جوڑنے والی پہلی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ مسٹر شاہ اتوار کو ہندوستان کے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے تھے۔ دونوں وزرائے اعظم نے مسٹر شاہ کے دورہ ہندوستان کے دوسرے اور آخری دن وفود کی سطح کی میٹنگ کے بعد ایودھیا-جنک پور ہفتہ وار ٹرین سروس کا افتتاح کیا۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا، ”آج شروع کی گئی ٹرین سروس ‘سرجو-کملا ایکسپریس’ کے ذریعے ہم اس مقدس رشتے کو ایک نئی جہت دے رہے ہیں۔ اس سے ایودھیا آنے والے عقیدت مندوں کے لیے اب جنک پور جا کر ماتا سیتا کے درشن کرنا بھی آسان ہو جائے گا۔” انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک لمبنی اور بودھ گیا سمیت دونوں ملکوں کے بدھ مت اور شیو شکتی سے وابستہ مقدس مقامات کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے کے لیے بھی مل کر کام کریں گے۔
مسٹر مودی نے کہا، ”ہندوستان اور نیپال کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدت، ثقافت اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان گہرے رشتوں کے دھاگوں سے بنے ہیں۔ بھگوان رام اور ماتا سیتا ہماری مشترکہ تہذیب اور عقیدت کی پہچان ہیں۔ 2018 میں جنک پور کی مقدس سرزمین پر میں نے کہا تھا کہ نیپال کے بغیر ہمارے دھام ادھورے ہیں، نیپال کے بغیر ہمارے رام بھی ادھورے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ 2024 میں ایودھیا میں رام للا کی پران پرتشٹھا ہوئی۔ اس تاریخی موقع نے ہماری مشترکہ عقیدت کو نئی توانائی دی۔ اس کے بعد سے کروڑوں عقیدت مند رام للا کے درشن کے لیے ایودھیا پہنچ رہے ہیں۔ گزشتہ سال ہی ملک اور دنیا بھر سے تقریباً 30 کروڑ عقیدت مندوں نے ایودھیا کا دورہ کیا۔
مسٹر مودی نے کہا، ”سرجو-کملا ایکسپریس ٹرین سروس کے ذریعے ہم اس مقدس رشتے کو ایک نئی جہت دے رہے ہیں۔ بھگوان رام اور ماتا سیتا ہماری مشترکہ تہذیب اور عقیدت کی پہچان ہیں۔”ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے سے قبل مسٹر مودی اور مسٹر شاہ نے ہندوستان میں بڑے منصوبوں کی منصوبہ بندی، تعیناتی اور نفاذ کے لیے متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کے درمیان تال میل قائم کرنے کے مقصد سے تیار کردہ نظام، پی ایم گتی شکتی پورٹل کا بھی جائزہ لیا۔
ایودھیا کینٹ اور نیپال کے جنک پور دھام کے درمیان چلنے والی یہ ہفتہ وار ٹرین تقریباً 604 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ سفر مکمل کرنے میں تقریباً 18 سے 19 گھنٹے لگیں گے۔ ٹرین میں 17 کوچ ہوں گے۔ باقاعدہ مسافر سروس 28 نومبر سے شروع ہوگی۔ امید ہے کہ اس ریل سروس سے ایودھیا اور جنک پور دھام کے درمیان مذہبی اور ثقافتی تعلقات مضبوط ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان اور نیپال کے درمیان آمد و رفت بھی آسان ہوگی۔
یہ ٹرین ہر پیر کو ایودھیا کینٹ سے شام 5 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی اور اگلے دن دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر جنک پور دھام پہنچے گی۔ وہاں سے یہ ٹرین ہفتے کے روز دوپہر 1 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوگی اور اتوار کی صبح 8 بج کر 10 منٹ پر ایودھیا کینٹ پہنچے گی۔ راستے میں یہ ٹرین منکاپور، بستی، گورکھپور، نرکٹیا گنج، رکسول، سیتامڑھی، شیشو، مدھوبنی اور جینگر اسٹیشنوں پر رکے گی۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اودھ کو متھلا سے جوڑنے والی اس ٹرین سروس کو ایک مقدس تحفہ قرار دیتے ہوئے تمام رام بھکتوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ مسٹر یوگی نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے کروڑوں عقیدت مندوں کی تیرتھ یاترا آسان ہوگی اور مذہبی سیاحت، ثقافتی یکجہتی اور علاقائی خوشحالی کو بھی نئی رفتار ملے گی۔
