ریاستی خبریں

اتراکھنڈ میں 16 سالہ لڑکی کو کم عمری کی شادی سے بچایا گیا

کم عمری کی شادی کی روک تھام کے قانون 2006 کی دفعات 9، 10 اور 11 کے تحت دولہا سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج

ادھم سنگھ نگر (اتراکھنڈ)  (یو این آئی) اتراکھنڈ کے ادھم سنگھ نگر ضلع میں 16 سالہ نابالغ لڑکی کی شادی 25 سالہ نوجوان سے کر دی گئی تھی۔ اس معاملے میں کم عمری کی شادی کے قانون کے تحت دولہا اور خاندان کے افراد سمیت 5 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی انسٹی ٹیوٹ فار سوشل ڈیولپمنٹ (آئی ایس ڈی) اور ایسوسی ایشن فار والنٹری ایکشن (اے وی اے) کی پہل پر کی گئی۔ یہ دونوں ادارے جسٹ رائٹس فار چلڈرن (جے آر سی) کے معاون ادارے ہیں۔ جے آر سی بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی شہری سماجی تنظیموں کا ملک کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے۔یہ شادی 18 نومبر کو ضلع کے گدرپور بلاک میں ہوئی تھی۔ دونوں خاندان ایک ہی گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ جیسے ہی انسٹی ٹیوٹ فار سوشل ڈیولپمنٹ کو لڑکی کی شادی کی اطلاع ملی، اس نے چائلڈ ہیلپ لائن 1098 کو اس کی خبر دی۔ اس کے بعد بغیر کسی تاخیر کے انتظامیہ کے ساتھ انسٹی ٹیوٹ فار سوشل ڈیولپمنٹ اور ایسوسی ایشن فار والنٹری ایکشن کی مشترکہ ٹیم 18 نومبر کی دیر رات گاؤں پہنچ گئی۔ وہاں لڑکی کے گھر میں شادی ہو چکی تھی۔ اس معاملے میں ٹیم نے سرگرمی دکھاتے ہوئے کم عمری کی شادی کرانے والوں کے خلاف کارروائی کی۔ لڑکی کو بچا کر ون اسٹاپ سینٹر بھیج دیا گیا اور دولہے کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی جاری ہے۔
کم عمری کی شادی کی روک تھام کے قانون 2006 کی دفعات 9، 10 اور 11 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انسٹی ٹیوٹ فار سوشل ڈیولپمنٹ کی پروجیکٹ ڈائریکٹر بندو واسنی نے کہا، ”کم عمری کی شادی ایک جرم ہے اور کوئی بھی خاندان روایت یا سماجی رسم و رواج کے نام پر اس جرم کو درست نہیں ٹھہرا سکتا۔ جب کسی نابالغ لڑکی کی شادی کی جاتی ہے تو اس کے حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ اس معاملے میں پولیس کی سرگرمی قابل ستائش ہے اور اس طرح کی کارروائی ضروری ہے۔ لوگوں کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ کم عمری کی شادی ایک قابل سزا جرم ہے اور اگر ایسا کوئی معاملہ نظر آئے تو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔”
جسٹ رائٹس فار چلڈرن نے 2023 سے اب تک اپنے معاون اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں 6 لاکھ سے زیادہ کم عمری کی شادیاں رکوا دی ہیں۔ جے آر سی اتراکھنڈ کے تمام 13 اضلاع میں اپنے 4 معاون اداروں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ تنظیم نے ریاست میں 2023 سے اب تک کم عمری کی 2,227 شادیاں رکوا دی ہیں۔