ہزاری باغ میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ، 22 سالہ ارنَو سنگھ عرف بٹو کی موت
ہزاری باغ (یو این آئی) جھارکھنڈ کے ضلع ہزاری باغ میں شہر کے ڈی وی سی چوک واقع اپکار ہوٹل میں دیر رات شادی کی تقریب کے دوران ہوئی فائرنگ میں 22 سالہ ارنَو سنگھ عرف بٹو کی موت ہو گئی، جبکہ انکت کمار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔زخمی انکت کو بہتر علاج کے لیے رانچی ریفر کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد شادی کی تقریب میں افراتفری مچ گئی اور خوشیوں کا ماحول ماتم میں تبدیل ہو گیا۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ہوٹل میں شادی کی تقریب جاری تھی۔ بارات کا دروازہ لگنے کے بعد باراتی اور میزبان فریق کے درمیان کسی بات کو لے کر تنازع شروع ہو گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے تلخ کلامی بڑھ گئی اور معاملہ مارپیٹ تک پہنچ گیا۔ اسی دوران فائرنگ ہوئی، جس میں ارنَو سنگھ عرف بٹو کی موت ہو گئی اور انکت کمار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
فائرنگ کے بعد تقریب میں موجود مہمانوں کے درمیان بھگدڑ جیسی صورت حال پیدا ہو گئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے ہوٹل اور اس کے آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ شروع کر دی۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران تقریب میں شامل لوگوں نے ملزمین کی شناخت کرنے سے انکار کیا تھا۔ اس کے بعد فوٹیج کی جانچ کے دوران پولیس کو واقعے سے متعلق اہم سراغ ملے۔پولیس اب فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر ملزم کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔ہزاری باغ کے ایس پی امن کمار نے بتایا کہ تنازع کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ واردات میں لائسنس یافتہ ہتھیار کا استعمال کیا گیا ہے۔ ملزم واقعے کے بعد سے فرار ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مختلف ٹیمیں ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہیں۔ ہتھیار کے استعمال اور تنازع کی وجوہات سمیت معاملے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔
صدر ایس ڈی پی او روپک کمار سنگھ نے بتایا کہ دولہا اور دلہن کے فریقوں کے درمیان کسی معاملے کو لے کر تنازع ہوا تھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے تلخ کلامی پرتشدد شکل اختیار کر گئی اور اسی دوران ایک شخص نے گولی چلا دی۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول دلہن کے فریق سے تعلق رکھتا تھا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے شیخ بھیکھاری میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا ہے۔ گولی چلانے والے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے جانچ جاری ہے۔شادی کی تقریب میں پیش آنے والے اس واقعے سے مقتول کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب میں غم و اندوہ کی فضا ہے۔ پولیس نے لوگوں سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد فائرنگ کے پیچھے کی پوری وجہ سامنے آنے کی امید ہے۔
