ریاستی خبریں

بہن کے قتل میں عمر قید ! ملزم نے عدالت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی

ممبئی،  (یو این آئی) ممبئی سے متصلہ نوی ممبئی کے بیلاپور علاقے میں واقع ایڈیشنل سیشن عدالت کی عمارت میں ایک 34 سالہ شخص نے مبینہ طور پر پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔یہ واقعہ پیر کے دن اس وقت پیش آیا جب عدالت نے اسے اپنی بہن کے قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔پولیس حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے سزا سنائے جانے کے کچھ ہی دیر بعد یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت ناگیش بابو لاڈ کے طور پر ہوئی ہے، جو نوی ممبئی کے نیروُل علاقے میں قیام پذیر تھا۔ عدالت نے پیر کی سہ پہر تقریباً 3 بجے اسے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے اسے یہ بھی مطلع کیا تھا کہ وہ فیصلے کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق رکھتا ہے۔ تاہم، عدالتی کارروائی کے فوراً بعد اس نے عدالت کی عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔حکام نے بتایا کہ اس واقعے کی تفصیلی انکوائری کی جائے گی، جس میں اس بات کی بھی جانچ ہوگی کہ تلوَجا جیل سے ملزم کو عدالت لانے والی پولیس ٹیم کی تحویل سے وہ کس طرح نکلنے میں کامیاب ہوا۔ اس واقعے نے عدالتی احاطے میں زیرِ حراست ملزمین کی حفاظت اور نگرانی کے انتظامات پر بھی سوالات پیدا کردیے ہیں۔

ناگیش لاڈ کو 2019 میں اپنی بہن کے قتل اور اپنی بیوی کو قتل کرنے کی کوشش کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت سے جیل میں بند تھا۔عدالتی فیصلے کے مطابق، لاڈ 2019 میں ایک دوسرے حملے کے مقدمے میں جیل میں تھا۔ ضمانت پر رہائی کے بعد اسے اپنی بیوی کے کردار پر شک ہونے لگا اور وہ اکثر اس کے ساتھ مارپیٹ کرتا تھا۔ اس کی بہن سنیتا اس معاملے میں مداخلت کرکے اپنی بھابھی کو بچانے کی کوشش کرتی تھی، جس پر لاڈ اس سے ناراض رہتا تھا۔

استغاثہ کے مطابق، 16 جولائی 2019 کو صبح تقریباً 5 بجے لاڈ اپنی بہن کے گھر پہنچا اور اپنی بیوی کی مبینہ حمایت کرنے کے الزام میں اس پر چاقو سے حملہ کردیا۔ اس نے اپنی بہن کو یہ بھی بتایا تھا کہ وہاں آنے سے قبل وہ اپنی بیوی پر بھی حملہ کرچکا ہے۔ اس حملے میں سنیتا شدید طور پر زخمی ہوگئی اور بعد ازاں اس کی موت ہوگئی، جبکہ اس کی بیوی جانبر ہوگئی تھی۔مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے مجموعی طور پر 15 گواہوں کے بیانات قلمبند کرائے، جن میں ملزم کی زخمی بیوی بھی شامل تھی۔ اگرچہ اس نے اپنے ابتدائی بیان میں حملے کی تفصیلات بتائی تھیں، تاہم بعد میں اس نے اپنا بیان بدلتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسے شیشے کی بوتل سے ٹھوکر لگنے کے باعث چوٹ آئی تھی۔

تاہم عدالت نے قرار دیا کہ ابتدائی بیان اور دیگر گواہوں کی شہادتوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ملزم نے اپنی بہن کا قتل کیا اور اپنی بیوی پر بھی حملہ کیا تھا۔ عدالت نے دستیاب شواہد اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد اسے قصوروار قرار دیا۔فیصلہ سنائے جانے کے بعد جب عدالت نے سزا کی نوعیت اور مدت کے تعین کے سلسلے میں ملزم سے اس کا موقف دریافت کیا تو اس نے خود کو بے قصور بتاتے ہوئے کہا کہ اسے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔

ملزم کی جانب سے 2023 سے پیروی کرنے والے وکیل شمبھاجی جارگلواڑ نے واقعے کے تعلق سے بتایا کہ عدالت نے ملزم کو سزا سنائے جانے اور اپیل کے حق سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ تاہم، واقعے کے بعد عدالت کے احاطے میں پیش آنے والی صورتحال کی مکمل تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جارہی ہیں، بالخصوص یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ عدالتی عمارت میں ملزم کی نقل و حرکت کے دوران حفاظتی انتظامات میں کوئی کوتاہی تو نہیں ہوئی تھی۔