Featured

ایم این ایس نے ریلوے اسٹیشنوں پر بھوجپوری گانے بجائے جانے سے ناراض – چھٹھ پوجا روکنے کی دھمکی 

ممبئی،   (یو این آئی) مہاراشٹر میں راج ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے جمعرات کو دھمکی دی کہ وہ سڑکوں پر اتریں گے اور جنوبی ممبئی کے مالابار ہل میں واقع والکیشور مندر کے احاطے کے اندر موجود بان گنگا ٹینک میں ہندی بولنے والے شمالی ہندوستانیوں کو چھٹھ پوجا نہیں منانے دیں گے۔
اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات قریب ہونے کے باعث بی جے پی پر سیاست کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے ایم این ایس کے ایک رہنما نے کہا، “ان کے اپنے تہوار ہیں، لیکن انہیں یہ اپنی ریاست میں منانے چاہئیں، نہ کہ یہاں مہاراشٹر میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے۔”
ایم این ایس رہنما نے ایک بیان میں کہا، “وہ کس کے لیے یہ چھٹھ پوجا کروا رہے ہیں؟ انتظامیہ بھی اس چھٹھ پوجا کو کرانے پر کیوں زور دے رہی ہے؟ ان کے لیے اسٹیج کیوں تیار کیا جا رہا ہے؟ لوڈھا جیسے بی جے پی رہنما اسے کیوں فروغ دے رہے ہیں؟ آپ دیگر ہندو تہواروں کے لیے کیا کر رہے ہیں؟ جب وہ بان گنگا جھیل میں کبھی بھی گنپتی وسرجن کی اجازت نہیں دیتے، تو پھر وہاں چھٹھ پوجا منانے کی تیاری کیوں کی جا رہی ہے؟”
ایم این ایس رہنما نے خبردار کیا ہے کہ ان کی پارٹی سڑکوں پر اترے گی اور ہونے والی میٹنگ میں رخنہ ڈالے گی۔ ایم این ایس رہنماؤں نے انتباہ دیا ہے کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے اسسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں چھٹھ پوجا تقریب کے حوالے سے ہونے والی میٹنگ میں رکاوٹ ڈالی جائے گی اور چھٹھ پوجا تقریب منعقد نہیں ہونے دی جائے گی۔